واپڈا سب ڈویژن سرائے نعمت خان صارفین کیلئے درد سر بن گیا،

شہریوں کی الیکٹرانکس کی قیمتی اشیاء جل گئیں

پیر جون 13:01

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 جون2018ء) واپڈا ہری پور کا سب ڈویژن سرائے نعمت خان صارفین کیلئے درد سر بن گیا، چھوہر کالونی کے ٹرانسفارمر کا فالٹ 12 گھنٹے کی طویل بندش کے بعد دور کر لیا گیا، ٹرانسفارمر کے اپ ڈائون کرنٹ کی بدولت شہریوں کا الیکٹرانکس کا قیمتی سامان جل گیا، چھوہر کالونی کے غریب صارفین واپڈا کے غافل سٹاف کی بدولت رات بھر گرمی کی سخت شدت میں بجلی کی سہولت سے محروم رہے، صارفین کی کثیر تعداد نے سٹاف کی تبد یلی کا مطالبہ کر دیا۔

نگران حکومت اور واپڈا کے اعلیٰ حکام نے نوٹس نہ لیا تو بھر پور احتجاج پر مجبور ہوں گے۔ سیکٹر نمبر دو چھوہر کالونی کے رہائشی سرائے نعمت خان فیڈر کے صارفین احمد زمان تنولی، عبد القدیر تنولی، شیر بہادر خان، فیصل عباسی، شیراز خان، وقاص عباسی، اختر خان، بابر خان، قاری صلاح الدین، ناظم شاہ نواز خان تنولی، ماسٹر محمد فیاض، آصف تنولی، اشفاق احمد، قاری محمد زبیر، ہمایوں الطاف خان تنولی سمیت دیگر اہلیان محلہ چھوہر کالونی نے بتایا کہ بجلی کا کوئی بھی معمولی فالٹ آ جائے تو سرائے نعمت خان سب ڈویژن دس سے پندر گھنٹے اس کی خرابی دور کرنے میں صرف کر دیتے ہیں، ہفتہ اور اتوار کی درمیانی رات سرائے نعمت خان فیڈر محلہ چھوہر کالونی کے 100 کے وی بجلی کا ٹرانسفارمر معمولی فالٹ کی وجہ سے بند ہوا جس کی اطلاع ذمہ داروں کو دی گئی مگر کوئی نوٹس نہیں لیا گیا جس کی وجہ سے چھوہر کالونی سیکٹر نمبر 2 کے صارفین پوری رات گرمی کی سخت شدت کے دوران بجلی سے محروم رہے، بجلی کے شارٹ سرکٹ اور اپ ڈائون کرنٹ کی وجہ سے بعض صارفین کے گھروں میں الیکٹرانکس کے سامان کا نقصان بھی ہوا، درجنوں بار فون کرنے کے بعد سٹاف آیا جس نے 30 منٹ کے اندر کام کر کے صبح ساڑھے دس بجے بجلی بحال کر دی۔

(جاری ہے)

معمولی سے فالٹ کی بدولت صارفین کو مسلسل تقریباً12 گھنٹے کی طویل بندش اور سخت اذیت کا سامنا کرنا پڑا۔