ایبٹ آباد پولیس نے بین الصوبائی کار لفٹر گروہ کے چار افراد کو گرفتار کر لیا، کوزہ گلی سے چوری شدہ کار برآمد

پیر 25 جون 2018 13:01

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جون2018ء) ایبٹ آباد پولیس نے بین الصوبائی کار لفٹر گروہ کے چار افراد کو گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے کوزہ گلی سے چوری ہونے والی ایک کار سمیت دو چوری شدہ دیگر گاڑیاں برآمد کر لیں، ملزمان نے مختلف علاقوں سے مزید چار گاڑیاں چوری کرنے کا بھی انکشاف کیا ہے، پولیس ملزمان کو عدالت میں پیش کر کے ان کا جسمانی ریمانڈ حاصل کرے گی ، دوران تفتیش ملزمان سے مزید اہم انکشافات متوقع ہے۔

ایڈیشنل ایس پی سونیا شمعروز خان نے پریس بریفنگ کے دوران بتایا کہ 22 جون کو لاہور سے سیرو تفریح کیلئے نتھیاگلی آئے سیاح محمود اصغر کی کار کوزہ گلی سے چوری ہوگئی، تھانہ ڈونگا گلی نے مقدمہ درج کر کے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے ملزمان کی تلاش شروع کی، ایس ایچ او ڈونگا گلی گوہر رحمن اور چوکی انچارج زبیر خان نے مکول روڈ پر نگری پائیں کے قریب ناکہ بندی کر کے ملزمان سبطین شاہ ولد مظہر شاہ سکنہ منن ہری پور، موسیٰ خان سکنہ مظفر آباد، شیراز خان ولد سرور ساہ سکنہ چارسدہ کو گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے چوری شدہ کار سمیت دیگر دو چوری شدہ کاریں برآمد کر لیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ ملزمان نے دوران تفتیش صوبہ خیبر پختونخوا اور پنجاب کے مختلف علاقوں سے چار گاڑیاں چوری کرنے کا انکشاف کیا ہے، ملزمان نے گاڑیاں خریدنے والوں کے نام بھی بتا دیئے ہیں۔ پولیس ملزمان کو عدالت میں پیش کر کے ان کا ریمانڈ حاصل کرے گی۔