انتخابات میں حصہ لینے کا مقصد ملک عزیز پاکستان میں نظام خلافت راشدہ کی طرز پر عملی جدوجہد ہے، ایاز خان جدون

پیر 25 جون 2018 13:01

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جون2018ء) امیدوار قومی اسمبلی حلقہ این اے 16 حاجی ایاز خان جدون نے کہا ہے کہ انتخابات میں ان کا حصہ لینے کا مقصد ملک عزیز پاکستان میں نظام خلافت راشدہ کی طرز پر عملی جدوجہد ہے جس سے عوامی مسائل کا حل اور محرومیوں کا خاتمہ ہو گا۔ وہ پیرکو اپنی انتخابی مہم کے دوران حویلیاں میں کارنر میٹنگ سے خطاب اور عوامی وفود سے بات چیت کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت ایبٹ آباد سمیت ہزارہ ڈویژن کے عوام صحت تعلیم اور ذرائع آمدورفت کی سہولیات برابری کی سطح پر نہ ہونے کی باعث اذیت میں مبتلا ہیں، یہاں پر بسنے والے پڑھے لکھے نوجوان بے روزگاری کی وجہ سے دربدر کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں، یہاں پر دور دراز اضلاع کے لوگ سرکاری ملازمتوں عوامی نمائندوں کے دروازوں پر چکر لگا لگا کر تنگ ہو چکے ہیں لیکن ان کو ان کے حقوق نہیں مل سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ذرائع آمدورفت کا یہ عالم ہے کہ صرف فوارہ چوک سے کمپلیکس تک کا سفر گھنٹوں میں طے ہوتا ہے، یہاں کے ہسپتال سیاسی مداخلتوں کی وجہ سے تباہی کے دہانے پر پہنچ چکے ہیں، تعلیم کا شعبہ بھی تباہ ہو چکا ہے، ایسے ہی مخلص و دیانت دار قیادت کی ضرورت ہے جو عوامی مسائل حل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہو۔ انہوں نے کہا کہ 25 جولائی عوام کی تقدیر بدلنے کا آخری موقع ہے، اگر ہمیں عوام نے خدمت کا موقع دیا تو ملک میں اسلامی نظام کی جدوجہد کے ساتھ ساتھ عوام کو تمام مسائل سے چھٹکارا دلا دیں گے۔