اقتدار یا وزارت کیلئے الیکشن نہیں لڑتے،

الیکشن لڑنے کا مقصد عوام کے حقوق کی جنگ ہے، سردار محمد یوسف

پیر جون 13:05

اقتدار یا وزارت کیلئے الیکشن نہیں لڑتے،
مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 جون2018ء) سابق وفاقی وزیر و امیدوار صوبائی اسمبلی حلقہ پی کی34 سردار محمد یوسف نے کہا کہ وہ اقتدار، کسی وزارت یا عہدے کے حصول کیلئے الیکشن نہیں لڑتے بلکہ ہمارا الیکشن لڑنے کا مقصد عوام کے حقوق کی جنگ لڑنا ہے۔ نواز آباد میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا الیکشن انشاء الله مانسہرہ میں انقلاب برپا کرے گا، مخالفین کو عوامی طاقت سے شکست دیں گے، ہمارا ایک پروگرام ہے اور ہم اسی پروگرام کے تحت سامنے آئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 1990ء سے اب تک حلقہ میں ریکارڈ ترقیاتی کام کروائے ہیں، یہ ہمارا کسی پر کوئی احسان نہیں بلکہ یہ عوام کا حق تھا اور عوام کا حق ان کی دہلیز پر پہنچانے کا مشن ہی لے کر میدان میں آئیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الحمد الله آج حلقہ میں 95 فیصد علاقوں میں بجلی فراہم کر دی ہے اور اس کے علاوہ مرکز میں رہتے ہوئے اپنی ذمہ داریوں کو احسن طریقہ سے نبھایا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مانسہرہ کیلئے موٹروے کی تعمیر، 220 کے وی گرڈ سٹیشن، مانسہرہ پاسپورٹ آفس، کئی نادرا ذیلی آفیسز، سوئی گیس کی12 انچ اضافی پائپ لائن کی تکمیل، سوئی گیس کی پکھل و دیگر علاقوں کو فراہمی سمیت کئی اہم اور بڑے منصوبے لا کر مانسہرہ کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کیا۔ اس موقع پر جلسہ عام سے سابق صوبائی وزیر حق نواز خان، ممبر ضلع کونسل سردار شاہ خان، نوجوان سیاسی رہنما عمر نواز خان، شبیر احمد خان جبوڑی، سید شبیر حسین شاہ، ناظم وی سی سچاں قاری محبوب الرحمن، ناظم وی سی پنجول حاجی کار خان و دیگر نے بھی خطاب کیا۔