دُبئی:خاتون سے جنسی چھیڑ چھاڑ کرنے والا سعودی مرد قانون کی گرفت میں

ملزم نے لفٹ میں خاتون کو جنسی ہراسگی کا نشانہ بنایا

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 25 جون 2018 12:41

دُبئی:خاتون سے جنسی چھیڑ چھاڑ کرنے والا سعودی مرد قانون کی گرفت میں
دُبئی( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25جُون 2018ء) وِزٹ ویزے پر آئے سعودی باشندے نے 36 سالہ افریقی خاتون کو لفٹ میں جنسی ہراسگی کا نشانہ بنا ڈالا۔ فروری 2018ء کو پیش آنے والے اس واقعے کے بعد خاتون کی جانب سے رپورٹ درج کروانے کے بعد پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق 36 سالہ افریقی خاتون دُبئی میں واقع معروف انٹرنیشنل کافی شاپ سٹار بکس سے کافی پینے کے بعد لفٹ کی طرف چل دی تو ملزم بھی اس کے پیچھے پیچھے چل دیا۔

خاتون کے لفت میں داخل ہوتے ہی ملزم بھی اندر آ گیا۔ اور اس نے خاتون کو زبردستی پکڑ کر اپنے ساتھ لپٹا لیا اور اس کے جسم کو مختلف حصّوں کو چھُوا جس کے باعث خاتون خوفزدہ ہو گئی اور اس نے چلا کر مُلزم سے پُوچھا کہ وہ یہ کیا کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

جس پر ملزم موقع سے فرار ہو گیا۔ خاتون نے واقعے کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو دی۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزم کی تلاش شروع کر دی۔

اپریل 2018ء میں ملزم کی گرفتاری عمل میں آئی جسے مزید تفتیش کے لیے سرکاری استغاثہ کے حوالے کر دیا گیا۔عدالت میں مقدمے کی کارروائی کے دوران استغاثہ کی جانب سے ملزم پر الزام عائد کیا گیا کہ اُس نے افریقہ کے کوموروس جزیرے سے تعلق رکھنے والی 36 سالہ خاتون کو جنسی ہراسگی کا نشانہ بناتے ہوئے اس کے جسم کو زبردستی چھُوا۔ جبکہ ملزم نے وقوعے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ ایسا کوئی واقعہ رُونما نہیں ہوا اور نہ ہی اس نے خاتون کو چھُوا ہے۔

پریذائیڈنگ جج نے ملزم کو اپنے لیے وکیل مقرر کرنے کا حق دیتے ہوئے عدالتی کارروائی 15 جُولائی 2018ء تک ملتوی کر دی۔ متاثرہ خاتون نے استغاثہ کو بتایا کہ وہ سٹار بکس سے کافی پینے کے بعد لفٹ میں پہنچی تھی کہ ملزم نے اس کا تعاقب کرتے ہوئے اُس کے ساتھ ناروا جنسی سلوک کیا۔

متعلقہ عنوان :