ریاض:سعودی عرب میں غیر قانونی طور پر مقیم پاکستانی تارکین وطن کے لیے اُمید کی کِرن جگمگا اٹھی

پاکستانی سفارتخانے نے وطن واپسی میں مدد دینے کے لیے آن لائن فارم کا اجراء کر دیا

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر جون 13:05

ریاض:سعودی عرب میں غیر قانونی طور پر مقیم پاکستانی تارکین وطن کے لیے ..
ریاض( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25جُون 2018ء) سعودی عرب  میں اس وقت لاکھوں پاکستانی روزگار کے سلسلے میں مقیم ہیں جو مختلف شعبوں اور فیلڈز میں اپنی پیشہ ورانہ اور تکنیکی مہارت کے باعث سالانہ اربوں روپے کما کر پاکستان میں موجود اپنے کُنبوں کی کفالت کرتے ہیں۔ پاکستانیوں کی بڑی گنتی امیگریشن سے متعلق مسائل کا شکار رہتی ہے۔ ان میں کئی لوگ کفیل کے ناروا سلوک کے باعث مشکلات میں گھر جاتے ہیں ۔

جبکہ کئی افراد جعلی ویزے پر لائے جاتے ہیں جنہیں اپنے کفیل کا علم نہیں ہو پاتا۔ کئیوں نے کفیل کے خلاف مقدمہ دائر کیتا ہوتا ہے جس کے باعث وہ خروج نہ لگا کر تنگ کرتا ہے اور نتیجے میں ویزے کی مُدت ختم ہونے کے بعد افراد کی حیثیت غیر قانونی ہو جاتی ہے۔ کچھ ایسے بھی ہوتے ہیں جو ویزہ کی مُدت ختم ہونے کے بعد وطن واپسی کی بجائے روزگار کی خاطر یہیں رہنے کو ترجیح دیتے ہیں اور نتیجتاً خود کو پریشانیوں میں گھیر لیتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہیں سعودی مملکت میں اپنے غیر قانونی قیام کے باعث ہر وقت گرفتاری کا دھڑکا لگا رہتا ہے۔ ایک طبقہ ایسا بھی ہوتا ہے جو عمرہ کی نیت سے آتا ہے مگر پھر اُن کے دماغ میں منفی خیال سماتا ہے اور وہ یہاں غیر قانونی قیام کر کے خود کو برسرروزگار کرنے کا خواب دیکھنے لگتے ہیں۔ ایسے لوگوں کی بھی کمی نہیں جو یہاں پاسپورٹ اور دیگر سفری و ویزے سے متعلق دستاویزات گنوا بیٹھتے ہیں۔

اس طرح کے تمام مسائل افراد کو بحرانی کیفیت سے نکالنے اور انہیں واپس وطن پہنچانے کی خاطر پاکستانی سفارتخانے نے ایک اہم قدم اُٹھایا ہے۔ سعودی عرب میں موجود پاکستانی سفارت خانے کی ویب سائٹ پر وطن واپسی کے حوالے سے مسائل کا شکار افراد کے لیے ایک آن لائن فارم کا اجراء کیا گیا ہے۔ جس میں متاثرین کو یقین دلایا گیا ہے کہ سفارت خانہ غیر قانونی سٹیٹس والے پاکستانی تارکین وطن کے لیے باعزت وطن واپسی کے لیے پُوری طرحاں کوشاں ہے۔ متعلقہ افراد آن لائن فارم فِل کر دیں تاکہ ان کی ہر ممکنہ مدد کی جا سکے۔ سعودی مملکت میں موجود پاکستانی کمیونٹی نے اس فارم کے اجراء کو خوش آئندہ قرار دیا ہے ۔