جدہ:زائرین حرمین شریفین کے لیے بڑی خوش خبری

رواں برس مکّہ معظمہ اور مدینہ منورہ کے درمیان تیز رفتار ٹرین چل پڑے گی

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 25 جون 2018 13:54

جدہ:زائرین حرمین شریفین کے لیے بڑی خوش خبری
جدہ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25جُون 2018ء) رواں برس عازمین حج اور زائرین عمرہ کی سہولت کے لیے حرمین شریفین کے درمیان تیز رفتار ٹرین کا آغازایک اہم اور انقلابی قدم ثابت ہو گا۔ جس کے باعث مذہبی فریضہ کی ادائیگی کرنے والے افراد کے لیے کم وقت میں اور سہولت کے ساتھ مکّہ معظمہ سے مدینہ منورہ اور مدینہ منورہ سے مکّہ معظمہ کی جانب سفر کرنا ممکن ہو سکے گا۔

ان خیالات کا اظہار پراجیکٹ کے ڈائریکٹر جنرل محمد عبدالحفیظ فِدا نے کیا۔ تاہم اس حوالے سے انہوں نے کوئی متعین تاریخ دینے سے گریز کیا ہے۔ ایک عربی اخبار سے بات چیت کے دوران اُنہوں نے بتایا کہ حرمین ریلوے پراجیکٹ مشرقِ وسطیٰ کے بڑے پراجیکٹس میں سے ایک ہے۔ جس کے باعث مدینہ منورہ اور مکّہ معظمہ کے درمیان سفر کے باعث سڑکوں پر بے پناہ ٹریفک کو گھٹانے میں مدد مِلے گی نیز حاجیوں اور عام مسافروں کو پیش آنے والے ٹریفک حادثوں میں بھی خاطر خواہ کمی واقع ہو گی۔

(جاری ہے)

اس مقصد کے لیے 450 کلو میٹر طویل ریلوے لائن سسٹم تکمیل کے مراحل میں ہے۔ سپیڈ ٹرین کے باعث دونوں مقدس شہروں کے درمیان سفر محفوظ اور آرام دہ ہو جائے گا۔ حرمین شریفین کے درمیان چلنے والی ٹرینیں جدہ اور ربیغ میں واقع شاہ عبداللہ اکنامک سٹی سے گزریں گی۔ 300کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی مجوزہ ٹرین کے باعث مکّہ معظمہ اور مدینہ منورہ کے درمیان مسافت کا دورانیہ سمٹ کر دو گھنٹے پندرہ منٹ رہ جائے گا۔

اس ٹرین سہولت کے باعث سالانہ چھ کروڑ مسافروں کو سہولت ہو گی جبکہ اس کے اسٹیشنز مکّہ‘ مدینہ‘ جدّہ‘ ربیغ اور شاہ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئر پورٹ ہوں گے۔ اسلامی فن تعمیر کے مطابق تشکیل دیئے گئے اسٹیشنز پر روزانہ لاکھوں مسافروں کے لیے جدید دور کی سہولتیں میسر ہوں گی۔ پانچوں اسٹیشنز پر مسافروں کے آنے اور جانے کے لیے لاؤنجز‘ انتظار گاہیں‘ دُکانیں‘ ریسٹورنٹس‘ کیفے‘ کار پارکنگس اور وی آئی پی لاؤنجز بھی موجود ہیں۔

ہیلی پیڈز اور سول ڈیفنس سنٹر کے علاوہ ہر اسٹیشن پر بیک وقت ہزار نمازیوں کی گنجائش والی مسجد بھی تعمیر کی گئی ہے۔مکّہ کا ریلوے اسٹیشن رُسیفہ کے قریب واقع ہے جو مسجد الحرام سے محض تین کلو میٹر کی دُوری پر واقع ہے۔ جبکہ مدینہ کا ریلوے اسٹیشن شاہ عبدالعزیز روڈ پر واقع نالج سٹی کے احاطے میں تعمیر کیا گیا ہے جو اس ریلوے سٹیشن کو مسجد نبویؐ سے جوڑتا ہے۔

جدہ کا مین ریلوے سٹیشن سلیمانیہ میں تعمیر کیا گیا ہے۔ جبکہ جدہ کا دُوسرا اسٹیشن شاہ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر تعمیر کیا گیا ہے ۔واضح رہے کہ مکّہ معظمہ کا رُخ کرنے والے بین الاقوامی زائرین شاہ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ہی اُترتے ہیں۔ جبکہ ربیغ کا ریلوے اسٹیشن شاہ عبداللہ اکنامک سٹی کے قریب واقع ہے۔فِدا نے مزید بتایا کہ صرف جدہ ریلوے اسٹیشن پر ہی ایک گھنٹہ کے دوران پچیس ہزار مسافروں کے قیام کی گنجائش ہے۔

حرمین شریفین پراجیکٹ کے لیے پینتیس ٹرینیں استعمال میں لائی جائیں گی جبکہ ہر ٹرین میں مسافروں کے لیے 417 نشستوں کی گنجائش ہے۔ ٹرین میں ایگزیکٹو کلاس بھی موجود ہے جبکہ کم کرائے پر سفر کے خواہش مند مسافروں کے لیے اکانومی کلاس کی سہولت موجود ہے۔