کپاس کے کاشتکارجولائی سے لیکر وسط اکتوبر تک ہفتہ عشرہ کے وقفہ سے پانی لگائیں، زرعی ماہرین

پیر 25 جون 2018 14:13

فیصل آباد۔25 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جون2018ء) زرعی ماہرین نے کپاس کے کاشتکاروں کوہدایت کی ہے کہ وہ موجودہ گرم موسم میں فصل کی بڑھوتری اور پھل لگنے کے مر حلہ پر آبپاشی کا خاص خیال رکھیں اور کپاس کی ظاہری علامات کو مد نظر رکھتے ہوئے جولائی سے لیکر وسط اکتوبر تک ہفتہ عشرہ کے وقفہ سے پانی لگائیں اور کپاس کی اقسام کو بھی مد نظر رکھتے ہوئے آبپاشی کریں تاکہ پانی کی کمی کے باعث فصل کا پیداواری عمل متاثر نہ ہو۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ چونکہ مختلف اقسام کو اپنے پیداواری مراحل میں مختلف طریقے سے وقفوں وقفوں کے دوران پا نی کی ضرورت ہوتی ہے اسلئے بی ٹی اقسام میں پانی کا استعمال پودے کی ضرورت اور زمین کی ساخت کے مطابق کیا جائے ۔انہوں نے کاشتکاروں کو مشورہ دیا کہ وہ کسی بھی مشکل کی صورت میں محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف سے رابطہ کر کے ان سے بھی رہنمائی حاصل کر سکتے ہیں تاکہ فصل کو ہر طرح کے نقصان سے بچایا جا سکے۔انہوں نے کہاکہ اچھی پیداوار بہتر مالی منفعت کا باعث بن سکتی ہے اس لئے جب بہتر فصل حاصل ہو گی تو کاشتکاربھی خوشحال ہو گا ۔

متعلقہ عنوان :