الیکشن کے موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا‘سید شہزاد ندیم بخاری

پیر 25 جون 2018 14:44

چارسدہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جون2018ء) ‘ڈی پی او چارسدہ سید شہزاد ندیم بخاری نے کہا ہے کہ الیکشن کے موقع پر فول پروف سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا،پولیس شفاف الیکشن کیلئے غیر جانبداری سے اپنے فرائض سرانجام دیگی،کسی کو بھی نقص امن کی ہرگز اجازت نہیں دی جائیگی۔ضلعی پولیس سربراہ سید شہزاد ندیم بخاری نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔

اس موقع پر پولیس کے چاک و چوبند دستے نے ڈی پی او کو سلامی پیش کی۔ بعد میں ایس پی انوسٹی گیشن چارسدہ نذیر خان نے دفتر کے عملے کا تعارف کروایا گیا۔ڈی پی او چارسدہ نے دفتر ڈی پی او، پولیس اسسٹنس لائنز چارسدہ اور دفتر انوسٹی گیشن چارسدہ کا بھی دورہ کیا۔ایس پی انوسٹی گیشن چارسدہ نذیر خان نے ضلع میں امن و امان،کرائم کی صورتحال سے ڈی پی او چارسدہ کو بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈی پی او چارسدہ سید شہزاد ندیم بخاری نے کہا کہ الیکشن کے موقع پر فول پروف سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا۔امن وامان کی صورتحال کو برقرار رکھا جائے گا۔کسی کو بھی نقص امن کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔الیکشن کمیشن کے عملہ کی سکیورٹی کو یقینی بنایا جائے گا۔پولیس شفاف الیکشن کیلئے غیر جانبداری سے اپنے فرائض منصبی کی ادائیگی کو یقینی بنائے گی۔

انہوں نے کہا کہ چارسدہ کوجرائم سے پاک بنایا جائے گا۔میرے دفتر کے دروازے لوگوں کے لیے کھلے ہیں۔لوگوں کے مسائل کا حل،انصاف کی فراہمی اور تھانہ کلچر میں تبدیلی میری اولین ترجیح ہے۔پولیس افسران و ملازمان کی ویلفیئر کیلئے تمام ممکن اقدامات کو یقینی بنایا جائے گا۔کسی بھی پولیس ملازم کو کوئی مسئلہ درپیش ہو تو بلاجھجھک مجھے بتائے میں مسئلہ حل کرونگا۔