نیلم ‘ ثمر فائونڈیشن اپنے وسائل سے عوامی خدمت کا سلسلہ جاری رکھے گی ‘ثمر سراج چوہدری

پیر جون 14:59

نیلم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 جون2018ء) چیئرمین ثمر فائونڈیشن ثمر سراج چودھری نے کہاہے کہ ثمر فائونڈیشن اپنے وسائل سے عوامی خدمت کا سلسلہ جاری رکھے گی ،خدا کی رضاء کیلئے غریب ، یتیم ، بیوائوں، معذوروں اور نادار افراد کی خدمت ہماری اولین ترجیح ہے ، عوامی خدمت میں رکاوٹیں ڈالنے والے عوام کے خیر خواہ نہیں، انشاء اللہ ثمر فائونڈیشن کے ثمرات وادی کے ہر ضرورت مند تک پہنچائیں گے ، ثمر فائونڈیشن کے فلاحی کاموں کو سیاست کی نظرسے دیکھنے والے خدمت خلق کے جذبہ سے محروم ہیں۔

وہ وقت دور نہیں کہ نیلم کا ہرشہری ثمر فائونڈیشن کا ممبرہوگا۔ میرے چاہنے والوں کے دلوں سے مجھے کوئی نہیں نکال سکتا ۔ہم فلاحی کام سیاست کیلئے نہیں اللہ کی رضا کیلئے کررہے ہیں۔ثمر فائونڈیشن بالائی نیلم کی محرومیوں کے ازالہ کیلئے اپنی تمام ترتوانائیاں صرف کریگی ۔

(جاری ہے)

ان خیالا ت کااظہار انہوں نے کیل کے مقام پر پروقار استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیاچیئرمین ثمر فائونڈیشن نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ثمر فائونڈیشن رضاء الہی کیلئے غریب عوام کی خدمت کررہی ہے ۔

انہوں نے کہاکہ انڈین فائرنگ ، گلیشئرز ، سیلابوں سے سب سے زیادہ وادی نیلم متاثر رہاہے جہاں کے عوام کی فلاح وبہود اور نوجوانوں کی راہنما ئی کیلئے بین الااقوامی سطح پر کام کرنے کی اشد ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ثمر فائونڈیشن صرف غریب افراد کی مالی مدد ہی نہیں بلکہ وادی نیلم میں اداروں کے قیام، اداروں کی تعمیر سمیت تمام ڈسٹرکٹ انفراسٹریکچر پر یقین رکھتی ہے ۔

انہوں نے کہاکہ جو کام حکومت نے کرنے تھے وہ ہم اللہ کے فضل وکرم سے کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ثمر فائونڈیشن سیاست سے بالاتر ہوکر کام کررہی ہے ۔ کچھ لوگ ثمر فائونڈیشن کو اپنے لیے سیاسی خطرہ سمجھ رہے ہیں اور وہ مختلف حیلے بہانوںسے ثمر فائونڈیشن کے فلاحی کاموں میں رکاٹ بننے کی مذموم کوششیں کررہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ثمرفائونڈیشن کے قافلے کیساتھ اللہ رب العزت ہے ثمر فائونڈیشن اللہ کے ان بندوں کی بحالی فعالی کیلئے کام کررہے ہیں جو ہمارے معاشرے کیلئے اہم ترین جز ہیں۔

انہوں نے کہاکہ چلہانہ، جورا، کنڈلشاہی ، آٹھ مقام، لوات ، دواریاں، دودھنیال ، شیخ بیلہ ، شاردہ ، کیل کے عوام نے مجھے جو عزت دی ہے اللہ رب العزت ان کو اس کانیک بدلہ دے اس موقع پر شیخ بیلہ ، شاردہ ، کیل کے عوام نے ثمر فائونڈیشن کے چیئرمین اور ان کی ٹیم کاشاندار استقبال کیا۔ اور نیک خواہشات کااظہار کرتے ہوئے ثمر فائونڈیشن کے چیئرمین کو وادی نیلم کے جملہ مسائل پر بھی تفصیلی بریفنگ دی ہے ۔

تاہم چیئرمین ثمر فائونڈیشن نے عوامی مسائل کو ترجیح بنیادوں پر ثمرفائونڈیشن کے وسائل سے حل کرنے کی مکمل یقین دہانی کرائی ہے ۔اس موقع پر کیل کے سیاسی وسماجی شخصیت چودھری خان ولی خان نے ثمر فائونڈیشن کے وادی میں ترقیاتی وغیر ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل اورمزید کیلئے دعائے خیرکی اور ثمر فائونڈیشن اورچیئرمین ثمر سراج چودھری کیلئے نیک خواہشات کااظہار بھی کیا۔