مصر، ہنگامی حالت کی مدت میں 3ماہ کی توسیع

پیر 25 جون 2018 15:09

قاہرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 جون2018ء) مصری پارلیمنٹ نے ہنگامی حالت کی مدت میں 3ماہ کی توسیع کر دی، مصر پاں جمائے شدت پسندوں کے خلاف نبرد آزما ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق مصری پارلیمنٹ نے صدر عبدالفتاح السیسی کے اس فیصلے کی منظوری دے دی ہے جس میں السیسی نے ملک بھر میں نافذ ہنگامی حالت میں 14 جولائی سے مزید تین ماہ کے لیے توسیع کا اعلان کیا تھا۔

(جاری ہے)

مصر میں پہلی مرتبہ ہنگامی حالت کا نفاذ اپریل 2017 میں دو چرچوں پر ہونے والے دھماکوں کے بعد کیا گیا تھا جن میں 45 کے قریب افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے تھے۔ اس کے بعد سے ہر تین ماہ یا اس سے کچھ زائد عرصے کے لیے اس حالت میں توسیع کی جاتی رہی۔مصر اس وقت جزیرہ نما سینا کے شمال میں پاں جمائے شدت پسندوں کے خلاف نبرد آزما ہے۔ ان شدت پسندوں نے آخری چند برسوں میں مختلف حملوں کے دوران مصری فوج اور پولیس کے سیکڑوں اہل کاروں کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔مصر کے دستور مجریہ 1958 کی دفعہ 162 کے تحت صدر کو ملک میں ہنگامی حالت کے نفاذ اور اس میں تین ماہ کی توسیع کے اختیارات تفویض کیے گئے ہیں۔