شاہد آفریدی نے بھی پانی کے مسئلے پر لب کشائی کردی

سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹویٹر پر بڑا بیان جاری کردیا

پیر 25 جون 2018 15:01

شاہد آفریدی نے بھی پانی کے مسئلے پر لب کشائی کردی
کراچی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔25جون 2018 ء) قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے ملک اور بالخصوص کراچی میں پانی کی بڑھتی ہوئی قلت اور شہر قائد کے دیگر مسائل پر آواز بلند کی ہے۔شاہد آفریدی نے کراچی میں پانی کی قلت سے متعلق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لب کشائی کی ہے۔لیجنڈری کرکٹر کہتے ہیں کہ” پاکستان کو بنے 70برس ہوگئے مگر کراچی شہر جو پاکستان کی شہ رگ کی حیثیت رکھتا ہے اس کے مسائل آج تک حل نہیں کئے جا سکے“۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ” سمندر کے کنارے ہونے کے باوجود اس شہر کے مکین پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں“۔شاہد آفریدی نے سوال کیا ہے کہ حکومتیں آئیں اور گئیں مگر پانی کا مسئلہ ٹھیک نہیں کیا، آخر کب پانی کا مسئلہ حل ہوگا؟“۔
واضح رہے کہ شاہد آفریدی ملک کے سماجی مسائل پر اظہار خیال کرتے رہتے ہیں، وہ فلاحی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں اور اپنی فاﺅنڈیشن کے ذریعے پاکستان کے مختلف علاقوں خصوصا سندھ کے دور دراز علاقوں میں پانی، تعلیم اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ کراچی میںپانی کا مسئلہ دہائیوں پرانا ہے تاہم پیپلز پارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ پاکستان(سابقہ ایم کیو ایم ) نے کئی مرتبہ حکومتیں ملنے کے باوجود اس مسئلے کے حل کی جانب کوئی توجہ نہیں دی جس کے باعث شہر قائدکے شہری پانی کی بوند بوند کو تر سے ہوئے ہیں ۔ کراچی کو پانی فراہم کرنے والے حب ڈیم میں سطح انتہائی نیچی جانے کے باعث کراچی کے شہریوں کو پانی کے بدترین بحران کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ،ماہرین کا یہی کہنا ہے کہ اگر ملک بھر میں پانی کا بحران اسی طریقے سے جاری رہا تو پاکستان2025ءتک پانی کے شدید ترین بحران کا شکار ہوجائے گا ۔