سعود ی عرب : ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کیلئے سوا لاکھ خواتین کی درخواستیں

خواتین ڈرائیونگ قوانین کا احترام کریں،وزارت داخلہ

پیر 25 جون 2018 15:10

ریا ض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 جون2018ء) سعودی عرب میں خواتین کی ڈرائیونگ پر عاید پابندی ختم ہونے کے بعد بڑی تعداد میں خواتین نے ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے لیے درخواستیں دی ہیں۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی وزارت داخلہ کے ترجمان میجر جنرل منصور الترکی نے الریاض میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب میں بتایا کہ ملک میں خواتین کو پیشہ وارانہ انداز میں ڈروائیونگ سکھانے کے لیے چھ ٹریننگ مراکز قائم کیے ہیں جب کہ ایک لاکھ 20 ہزار خواتین نے تربیت مکمل کرنے کے بعد ڈرائیونگ لائسنس کیحصول کے لیے درخواستیں دی ہیں۔

(جاری ہے)

ترجمان کا کہنا تھا کہ آنے والے دنوں میں ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کی خواہاں خواتین کی تعداد میں غیرمعمولی اضافہ ہوسکتا ہے۔میجر جنرل منصور الترکی نے خواتین پر زور دیا کہ وہ ڈرائیونگ کی آزادی اور اپنے حق کے استعمال کے ساتھ دوسروں کے حقوق کا خیال رکھیں اور ٹریفک کے ضابطہ اخلاق کی سختی سے پابندیں کریں۔ انہوں نے محکمہ انسداد ہراسانی کو بھی متحرک رہنے کی تاکید کی۔ سعودی عرب میں خواتین کی ڈرائیونگ پر پابندی ختم کرنے کے اعلان پر گذشتہ روز عمل درآمد کردیا گیا جس کے بعد سعودی عرب کے شہروں میں بڑی تعداد میں خواتین کو ڈرائیونگ کرتے دیکھا جا رہا ہی