پنجاب ایگری ایکسپو نے بین الاقومی سطح پر پاکستان کا تشخص بہتر بنایا ہے،سردار تنویر الیاس

نمائش سے دنیابھر کو پاکستان کے شعبہ زراعت کے متعلق آگاہی حاصل ہوئی، وزیر زراعت

پیر 25 جون 2018 15:10

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 جون2018ء) وزیر زراعت،خوراک،پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ پنجاب سردار تنویر الیاس نے کہا کہ پنجاب ایگری ایکسپو کے انعقاد سے ملکی ہارٹیکلچر،ہائی ویلیو ایگریکلچر اور چاول کی اعلی اقسام اور ان کی مصنوعات کو دنیا بھر میں نئی منڈیاں ملنے کے امکانات روشن ہو ئے ہیں۔اس کے علاوہ دنیابھر کو پاکستان کے شعبہ زراعت کے متعلق آگاہی حاصل ہوئی۔

آن لائن کے مطابق ان خیالات کااظہار انہوں نے محکمہ زراعت نے پاکستانی زرعی مصنوعات کے فروغ کیلئے دو روزہ پنجاب ایگری ایکسپو2018 کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس نمائش میں100سے زائد ملکی و بین الاقوامی کمپنیوں نے بھی شرکت کی اور اپنی مصنوعات کو نمائش کیلئے پیش کیا۔ نمائش کے اختتامی روز بھی محکمہ زراعت پنجاب کی منعقدہ ایگری ایکسپو 2018میں ملکی اور غیر ملکی صنعت کار ، کاشتکار، درآمد و برآمد کنندگان کی غیر معمولی دلچسپی سامنے آئی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اس نمائش نے بین الاقومی سطح پر پاکستان کا تشخص بہتر بنایا ہے۔ہمارے زراعت کے شعبے سے وابستہ تاجروں کو بین الاقومی پارٹنرز کا ساتھ میسر آیا اور باہمی امور پر انھوں نے تبادلہ خیال کیا۔ سردار تنویر الیاس نے مزید کہا کہ وہ اس نمائش میں شریک بین الاقومی مندوبین کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے اس نمائش میں حصہ لیا۔سیکرٹری زراعت پنجاب ڈاکٹر واصف خورشید نے کہا کہ ایگری ایکسپو کے انعقاد سے ملکی ہارٹیکلچر،ہائی ویلیو ایگریکلچر اور چاول کی اعلی اقسام اور ان کی مصنوعات کو دنیا بھر میں نئی منڈیاں ملنے کے امکانات روشن ہو ئے ہیں ۔

اس نمائش سے کاشتکاروں،ملکی و بین الاقوامی کمپنیوں ، پروسیسرز،درآمد اور برآمد کنندگان کیلئے قومی و بین الاقوامی سطح پر رابطہ کاری کے وسیع مواقع کی فراہمی کے علاوہ عالمی مارکیٹوں میںبرآمد کے ذریعے پاکستانی ہارٹیکلچر،ہائی ویلیو ایگریکلچر اور چاول کی مصنوعات کی ترقی، بہتری اور فروغ و ترویج کے امکانات کے لیے مواقع حاصل ہوئے۔

ڈاکٹر واصف خورشید سیکرٹری زراعت پنجاب نے مزیدکہا اس نمائش کے انعقاد سے پاکستانی برآمدات میں بھی اضافہ ہو گا۔ نمائش میںچاول، پھلوں،سبزیوں اوران سے بنی مصنوعات کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کیا گیااورزرعی شعبہ سے وابستہ کاشتکار،ایکسپوٹرز،امپورٹرز اورملکی و بین الاقوامی کمپنیاں اس نمائش میں اپنی مصنوعات پیش کیں۔نمائش کے آخر میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت وزیر زراعت،خوراک،پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ پنجاب نے کی ۔اس تقریب میں محکمہ زراعت کے افسران کو نمایاں کام کرنے اور ایک کامیاب زرعی نمائش کے انعقاد پر شیلڈز سے نوازا گیا۔