شہبازشریف نے کراچی سے (ن) لیگ کی انتخابی مہم کا آغاز کردیا

ہم نے 5 سال کے دوران بہترین کارکردگی دکھائی ،ْ آج ہم لوڈشیدنگ فری ہوچکے ہیں ،ْ صدر مسلم لیگ (ن) جس طرح بجلی کا بحران حل کیا کراچی میں پانی کا بحران بھی ایسے حل ہونا چاہیے، کراچی کو ٹینکر مافیا سے نجات دلانا ہوگی ،ْشہباز شریف کا خطاب

پیر جون 15:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 جون2018ء) مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف نے شہر قائد سے اپنی پارٹی کی انتخابی مہم کا آغاز کردیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف الیکشن مہم کے آغاز کیلئے چارٹر طیارے سے کراچی پہنچے جہاں پارٹی رہنما رانا مشہود اور سلیم ضیاء سمیت دیگر نے ان کا استقبال کیا۔شہبازشریف نے مسلم لیگ (ن) کی انتخابی مہم کا آغاز فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز (ایف پی سی سی آئی) سے کیا جہاں انہوں نے تاجروں اور صنعت کاروں سے خطاب کیا۔

اپنے خطاب میں مسلم لیگ (ن) کے صدر نے کہا کہ 2013 میں پاکستان کو دو چیلنجز تھے، سب سے بڑا چیلنج لوڈ شیڈنگ تھا، توانائی بحران کے باعث برآمدات کونقصان پہنچ رہاتھا لیکن ہم نے 5 سال کے دوران بہترین کارکردگی دکھائی اور آج ہم لوڈشیدنگ فری ہوچکے ہیں۔

(جاری ہے)

شہبازشریف نے کہاکہ جس طرح بجلی کا بحران حل کیا کراچی میں پانی کا بحران بھی ایسے حل ہونا چاہیے، کراچی کو ٹینکر مافیا سے نجات دلانا ہوگی، تین سال میں شہر کے ہر گھر میں پینے کا صاف پانی ہوگا، 6 ماہ میں شہر میں کوڑے اور غلاظت کے ڈھیر ختم کرنے ہیں، کراچی کو ایشیا کا نہیں بلکہ ساری دنیا کا مثالی شہر ہونا چاہیے۔

(ن) لیگ کے صدر نے کہا کہ کوئی بلند وبانگ دعویکرنے نہیں آیا، کراچی کے کھوئے ہوئے مقام کو واپس دلوانے میں اپنا کردار ادا کرینگے، کراچی کے لیے صوبائی فنڈز پر انحصار نہ کیا جائے، صوبائی حکومت کیساتھ وفاقی حکومت کو بھی کردار ادا کرنا ہوگا۔انہوںنے کہاکہ کراچی میں پبلک ٹرانسپورٹ ایک بڑا مسئلہ ہے، پبلک ٹرانسپورٹ بھی مہیاء کرنا اولین ذمہ داری ہے، جو لاہور میں میٹرو بس بنی پہلے کراچی میں بننی چاہیے تھی، شہر کے پبلک ٹرانسپورٹ، پانی،، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اور انفرا اسٹرکچر کو ٹھیک کریں گے کیونکہ اچھے روڈ اور انفرا اسٹرکچر نہیں بنائیں گے تو شہر جام ہو جائے گا، یہ ویژن (ن) لیگ کا کراچی کیلئے ہے۔

شہبازشریف نے کہا کہ کالا باغ ڈیم کھٹائی میں پڑ گیا، کالاباغ قومی وحدت کو نقصان پہنچاکر نہیں بنایا جاسکتا، ہمیں بھاشا ڈیم کو ترجیح دینا ہوگی، ہم نے 20 سال ضائع کردیئے، یہاں کوئی پوائنٹ اسکورننگ نہیں کررہا اس حمام میں سب ننگے ہیں کیونکہ کسی نے کام نہیں کرنا تھا، سب بہانے ڈھونڈتے رہے۔انہوںنے کہاکہ ہمیں بھاشا ڈیم پر توجہ دینا ہوگی، ڈیم کی زمین ڈھونڈی جاچکی ہے اور اس پر 100 ارب کی سرمایہ کردی، پانچ سال میں اس ڈیم کا مکمل ہونا مشکل ہے تاہم اللہ نے موقع دیا تو پانچ سال میں بھاشا ڈیم کو 80 فیصد تک مکمل کردیں گے، اس سے 4 ہزار میگاواٹ سستی بجلی پیدا ہوگی۔

شہبازشریف نے بھارت سے معاشی جنگ جیتنے کے عزم کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ بھارت ہمیں عسکری لڑائی میں شکست نہیں دے سکتا لیکن اب ہمیں اس سے معاشی جنگ لڑنا ہے، بھارت سے ٹیکسٹائل ٹائٹل واپس لانا ہے۔۔کراچی آمد سے قبل اپنے ایک بیان میں شہبازشریف کا کہنا تھا کہ انتخابی مہم قائد اعظم کے شہر سے شروع کررہا ہوں، ہمیشہ سے کراچی آنا عزت اور خوشی کا باعث رہا ہے، یہ شہر ہر کمیونٹی اور صوبے کے لوگوں کی نمائندگی کرتا ہے۔سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ کراچی کے عوام کا جوش و جذبہ ہمیشہ سے مجھے متاثر کرتاہے، چاہتا ہوں میں اس شہر کی آواز سنوں اور س کی آواز بنوں۔۔