میرپور ‘ میدہ ٹائون ڈماس حادثہ کا زخمی جاں بحق

پیر 25 جون 2018 15:40

میرپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 جون2018ء) میدہ ٹائون ڈماس میں موٹرسائیکل اور ہائی لیکس کے خوفناک حادثہ کے دوران شدیدزخمی ہونے والے بلال اشفاق ملک ڈویژنل ہیڈکوارٹرہسپتال میرپور سرجری کے باوجود جانبرنہ ہوسکے اور اللہ کوپیارے ہوگئے۔مرحوم کے والد ملک اشفاق نے زخمی کرنے والے ڈرائیور کوفی سبیل ا للہ معاف کردیا۔ تفصیلات کے مطابق ہفتے کے روز دن 10 بجے میدہ ٹائون میں ڈماس کی طرف سے آنے والے موٹرسائیکل سوار بلال اشفاق ملک جب میدہ ٹائون پہنچے تو ڈونگی سے آنے والی ہائی لیکس جو میدہ ٹائون بازار کی طرف موڑرہاتھا کے سامنے سے آنے والے موٹرسائیکل سے ٹکراگئی جس کے نتیجہ میں موٹرسائیکل سوار بلال اشفاق کوسرسمیت جسم میں شدید چوٹیں آئیں اور انھیں ڈویژنل ہیڈکوارٹرہسپتال میرپور کی ایمرجنسی میں لایاگیاجہاں نیوروسرجن ڈاکٹر وقاص اسلم نے سٹی سکین اور دیگر ٹیسٹ کروانے کے بعد زخمی کے سرکی سرجری کافیصلہ کیا۔

(جاری ہے)

ڈاکٹروں کی ٹیم نے چارگھنٹوں کی طویل جدوجہد کے بعدسرجری کی تاہم زخمی کو ہوش نہ آیااور اتوار کے روز شام سات بجے اللہ کوپیارے ہوگئے اورمرحوم کی میت جب ان کے آبائی گائوں لائی گئی تو علاقہ میں کہرام مچ گیا۔ جان بحق ہونے والے بلال اشفاق کی عمر16 سال تھی اور اس نے میٹرک کاامتحان دیاہواتھا۔ مرحوم ایک ہونہارطالبعلم اور والدین کاپیارا اور اپنے خاندان کااثاثہ تھا ۔

مرحوم کی نماز جنازہ ان کے آبائی گائوں گاہی ملکاں ڈماس میں اداکردی گئی ۔نماز جنازہ مولانامبارک حسین طاہرنے پڑھائی۔ نماز جنازہ میں سیاسی ، سماجی اور مذہبی راہنمائوں ،اساتذہ کرام، طلباء، عوام علاقہ اور سول سوسائٹی کے سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔ مرحوم کوگاہی ملکاں میں سپرد خاک کردیاگیا۔ یادرہے کہ بلال اشفاق ملک کے داداملک سعید اللہ علاقہ کی معزز شخصیت ہیں۔