ویسٹ انڈیز اور سری لنکا کے درمیان ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ کا دوسرا روز بھی بارش سے متاثر، میزبان ٹیم پہلی اننگز میں 204 رنز پر آئوٹ، ہولڈر 74 اور ڈورچ 71 رنز بنا کر نمایاں، کمارا کی 4 وکٹیں، سری لنکن ٹیم پہلی اننگز میں مشکلات سے دوچار، 5 وکٹوں پر 99 رنز بنا لئے

پیر جون 15:40

برج ٹائون ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 جون2018ء) ویسٹ انڈیز اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان جاری ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ کا دوسرا روز بھی بارش سے متاثر ہوا، میزبان ویسٹ انڈین ٹیم پہلی اننگز میں 204 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی، کپتان جیسن ہولڈر 74 اور شین ڈورچ 71 رنز بنا کر نمایاں رہے، لاہیرو کمارا نے 4 اور کاسن راجیتھا نے 3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، جواب میں سری لنکن ٹیم بھی پہلی اننگز میں مشکلات سے دوچار ہے، سری لنکا نے دوسرے روز کھیل ختم ہونے تک پہلی اننگز میں 5 وکٹوں پر 99 رنز بنا لئے تھے اور اسے کالی آندھی کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کیلئے مزید 105 رنز درکار ہیں۔

برج ٹائون میں جاری ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز ویسٹ انڈین ٹیم نے 132 رنز 5 کھلاڑی آئوٹ پر پہلی ادھوری اننگز دوبارہ شروع کی تو ڈورچ 60 اور ہولڈر 33 رنز پر کھیل رہے تھے، دونوں کھلاڑیوں نے محتاط انداز سے دن کا آغاز کیا تاہم 168 کے مجموعی سکور پر کمارا نے ڈورچ کو آئوٹ کر کے اہم پارٹنرشپ توڑ ڈالی، ڈورچ نے 71 رنز بنائے، دیوندرا بیشو بغیر کوئی رن بنائے چلتے بنے، 189 کے سکور پر ہولڈر 74 رنز بنانے کے بعد راجیتھا کی گیند پر آئوٹ ہوئے، میگل کمنز 2 رنز بنا سکے، 204 کے سکور پر ویسٹ انڈیز کی آخری وکٹ گری جب شینن گبرائل 2 رنز بنا کر کمارا کی گیند پر آئوٹ ہوئے، کیمر روچ 11 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، لاہیرو کمارا نے 4، کاسن راجیتھا نے 3 سرنگا لکمل نے 2 اور پریرا نے ایک وکٹ لی۔

(جاری ہے)

جواب میں سری لنکن کی اننگز کا آغاز بھی مایوس کن رہا، بارش کی وجہ سے دوسرے روز جب کھیل ختم کیا گیا تو آئی لینڈرز نے 5 وکٹوں پر 99 رنز بنا لئے تھے اور اسے کالی آندھی کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کیلئے مزید 105 رنز کی ضرورت ہے، کوسل پریرا صفر، اوداوتے 4، گوناتھلیکا 29، کوسل مینڈس 22 اور دھنن جایا ڈی سلوا 8 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، نیروشن ڈکویلا 13 اور روشن سلوا 3 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، کیمر روچ اور شینن گبرائل نے 2، 2 اور ہولڈر نے ایک وکٹ لی۔