Live Updates

مسلم لیگ (ن) نے نہ صرف پاکستان میں کرپشن اور فراڈ کو تقویت دی بلکہ پاکستان کے مفادات کو بھی مودی کے ساتھ ملکر نقصان پہنچایا ،ْبیر سٹر سلطان محمود

شیخ رشید سے میرا ذاتی اور خاندانی رشتہ ہے، شیخ رشید کی حمایت کی درخواست کرونگا کیونکہ وہ میرے قائد عمران خان کے ساتھ مشکل وقت میں کھڑے رہے اور کرپشن اور لوٹ مار کے خلاف جہاد میں عمران خان کا ساتھ دیا،آپ لوگ شیخ رشید کو ووٹ دیکر کامیاب کرائیں ،ْصدر پی ٹی آئی

پیر 25 جون 2018 16:27

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جون2018ء) آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و پی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور عوامی مسلم لیگ کے صدر شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) نے نہ صرف پاکستان میں کرپشن اور فراڈ کو تقویت دی بلکہ پاکستان کے مفادات کو بھی مودی کے ساتھ ملکر نقصان پہنچایا جبکہ ہم مسئلہ کشمیر کو ہر فورم پر اجاگر کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں اور نواز شریف نے مودی کے ساتھ ملکر کشمیر کاز کو نقصان پہنچایا۔

جبکہ مقبوضہ کشمیرمیں کشمیری عوام اپنی جانوں کا نظرانہ دیکر دنیا کی توجہ مسئلہ کشمیر کی جانب مبذول کر ارہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار دونوں رہنمائوں نے پیر کو راولپنڈی میں پی ٹی آئی اور عوامی مسلم لیگ کے مشترکہ امیدوار شیخ رشید احمد کی انتخابی مہم کے سلسلے میں ایک استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

جسکا انعقاد حال ہی میں مسلم لیگ (ن) سے مستعفی ہو کر پی ٹی آئی کشمیر میں شامل ہونے والے جاوید بٹ اور شہناز میر نے کیا تھا۔

جاوید بٹ اور شہناز میر نے پی ٹی آئی کشمیر میں شمولیت کا اعلان بیرسٹر سلطان محمود چوہدری سے پی ٹی آئی کشمیر کے مرکزی سیکریٹیرٹ میں ملاقات کرکے کیا تھا۔اس موقع پر سینکڑوں دیگر لوگوں نے بھی پی ٹی آئی کشمیر میں شمولیت کا اعلان کیا۔اس موقع پر صوبائی اسمبلی کے امیدوار راشد حفیظ اور جاوید بٹ نے بھی خطاب کیا۔بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اس موقع پر اپنے خطاب میں مزید کہا کہ رشید سے میرا ذاتی اور خاندانی رشتہ ہے۔

میں شیخ رشید کی حمایت کی درخواست اسلئے بھی کرونگا کیونکہ وہ میرے قائد عمران خان کے ساتھ مشکل وقت میں کھڑے رہے اور انکے دست راست بنے رہے اور کرپشن اور لوٹ مار کے خلاف جہاد میں عمران خان کا ساتھ دیا۔لہذا آپ لوگ شیخ رشید کو ووٹ دیکر کامیاب کرائیں۔ انھوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمشن کی رپورٹ بھی منظر عام پر آچکی ہے مقبوضہ کشمیر میں کشمیری عوام اپنی جانوں کا نظرانہ دے رہے ہیں اور اب تو وہاں یونیورسٹی اور کالجز کی بچیاں بھی احتجاج کے لئے سڑکوں پر نکل آئی ہیں۔

ایسے میں آپ شیخ رشید کو ووٹ دیکر کامیاب کریں تاکہ ہم ملکر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کر سکیں۔اس موقع پر شیخ رشید احمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں اور بیرسٹر سلطان محمود چوہدری میرے دوست ہیں اور ہم دونوںگورڈن کو کالج میں اکھٹے پڑھتے رہے ہیں اورمیں نے ہمیشہ کشمیریوں کی حمایت کی۔ مجھے دو دفعہ امریکہ جانے سے روکا گیا۔ لیکن میں کشمیریوں کی حمایت جاری رکھوں گااور کشمیری عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔میری کوشش ہے کہ میں عمران خان کو وزیر اعظم بنوائوں اور ملک سے وڈیروں اور لٹیروں کی اجارہ داری ختم کرائوں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات