غیر قانونی تارکین وطن کو فوری ملک بدر کیا جائے، ٹرمپ کا حکم

ہم غیر ملکیوں کو اپنے ملک پر چڑھائی کردینے کی اجازت نہیں دے سکتے، امریکی صدر

پیر 25 جون 2018 16:59

غیر قانونی تارکین وطن کو فوری ملک بدر کیا جائے، ٹرمپ کا حکم
واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 جون2018ء) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے غیر قانونی تارکین وطن کو بغیر کسی قانونی کارروائی کے فوری طور پر ملک بدر کے احکامات صادر کر دئیے، ہم غیر ملکیوں کو اپنے ملک پر چڑھائی کردینے کی اجازت نہیں دے سکتے۔بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ امریکا میں داخل ہونے والے غیر قانونی تارکین وطن کو بغیر کسی قانونی کارروائی کے فوری طور پر ملک بدر کردیا جائے۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق امریکی صدر نے ان خیالات کا اظہار سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کے ذریعے کیا، جس میں ان کا کہنا تھا کہ جب کوئی غیر قانونی تارکین وطن امریکا میں داخل ہو تو اسے بغیرکسی عدالتی کارروائی کے فوری طور پر واپس وہیں روانہ کردیا جائے جہاں سے وہ آیا ہے۔

(جاری ہے)

امریکی خبررساں ادارے وائس آف امریکا کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ ہم ان تمام لوگوں کو اپنے ملک پر چڑھائی کردینے کی اجازت نہیں دے سکتے، انہوں نے زور دیا کہ اچھی امیگریشن پالیسی، قانون اور انصاف کے حوالے سے ہمارا نظام مضحکہ خیز ہے۔

اس ضمن میں امریکی صدر کا مزید کہنا تھا کہ پوری دنیا میں امریکی امیگریشن قوانین کا مذاق اڑایا جاتا ہے، جو ان تمام لوگوں کے ساتھ ناانصافی ہے جو طویل عرصے سے باقاعدہ قانونی نظام کے ذریعے امیگریشن حاصل کرنے کے منتظر ہیں۔خیال رہے کہ سالوں سے امریکا میں میکسکو، وسطی امریکی ممالک، اور دنیا کے دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والے غیر قانونی تارکین وطن کے مقدمے عدالت میں چلائے جاتے ہیں۔تاہم اب ٹرمپ کی جانب سے ان قانونی سلسلے کو روکنے کے مطالبے پر انہیں کانگریس کی جانب سے تنقید کا سامنا ہے، جو خود گزشتہ کئی سالوں سے امریکی امیگریشن قوانین میں تبدیلی کرنے اور نئے قوانین متعارف کرنے میں تاحال ناکام ہے۔