پی ایس 111کے آزاد امیدوار ایاز میمن کا اپنے پہلے انتخابی دفتر کا افتتاح

پیر 25 جون 2018 17:01

کرا چی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جون2018ء) کراچی تاجرالائنس ایسوسی ایشن کے چیئرمین ایاز میمن موتی والا کا پی ایس 111کے پہلے انتخابی دفتر کا افتتاح۔این ای243و پی ایس 110اور111کے آزاد امیدوار ایاز میمن موتی والا کی جانب سے پی ایس 111 ڈیفنس فیزٹومیں انتخابی دفتر کے موقع پر شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا،افتتاحی تقریب میں نعت خوانی کے بعد علاقہ معززین نے اپنے اپنے خیالات کااظہارکیا،اس موقع اپنے خطاب میں ایاز میمن موتی والا کا کہنا تھا کہ اس ملک کے حکمران غریب عوام کے خون کے پیاسے بن چکے ہیں لوگ دربدر ہیں جبکہ حکمران قومی خزانے کو لوٹ کرعیاشیاں کرتے رہے ،انہوںنے کہاکہ انتخابی میدان میں میں نے اپنا قدم بہت سوچ سمجھ کررکھاہے، میرا ماننا ہے کہ اسمبلیوں میں جب تک اچھے لوگ نہیں آئینگے عوام کے مسائل جوں کے توں ہی رہینگے ،عام آدمی پاکستان کے چیئرمین کی حیثیت سے اپنے کارکنوں کو کہا ہے کہ ملک بھر میں صرف ان لوگوں کو ووٹ دیں جو غریب عوام کے لیے ہمدردی رکھتے ہیں ایسے لوگوں کو اپناووٹ ہرگزنہ دیں جو متعدد بار کامیاب ہوئے اور کبھی غریب عوام کے لیے کچھ نہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ میرا مشن عوام کو لوٹنے والوں سے چھٹکارادلوانا ہے اور اس کی ابتدا عوام خود کریگی وہ عہد کریں کہ آئندہ وہ کبھی ایسے لوگوں کو ووٹ نہیں دینگے جن کو بار بار حکومتیں بنانے کا موقع ملا مگر انہوںنے عوام کی بھلائی کے لیے کوئی اقدامات نہیں کیئے یہ وہ ہی لوگ جو ووٹوں کے بدلے میں ہر دور میں عوام کوخون پیا سے رہے ہیں، انہوں نے کہاکہ عوام اس ملک کو ترقی اور خوشحالی کے راستے پر دیکھنا چاہتے ہیں تووہ اپنے ووٹوں کا صحیح استعمال کریں ،اس موقع پر ان کے ہمراہ تاجرالائنس کے رہنماحمیدالدین ،معراج احمدخان، سیدمحمد سعید ،عامرضیاء،غلام یاسین ،خورشید عالم،عمارابدانی ،محمد اسماعیل، سہل افضل، معراج قریشی ،حاجی محمداسماعیل اور دیگر علاقہ معززین بھی موجود تھے ۔

ایاز میمن کا مزید کہنا تھا کہ عوام مجھ پر اعتبار کرے میں ان سے جو وعدے کرونگا انہیں ہر حال میں پورا کرونگا۔