سپریم کورٹ نے عافیہ صدیقی کی واپسی سے متعلق ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کی درخواست خارج کر دی

وزارت خارجہ کا جواب آگیا ہے، عافیہ صدیقی ماشاء اللہ حیات ہیں ،ْ چیف جسٹس ثاقب نثار عدالت امریکا کو ہدایات نہیں دے سکتی، ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی طرف سے امریکی سپریم کورٹ میں دعویٰ دائر کریں ،ْ درخواست گزار سے مکالمہ ہم نے وہ کام کروانیں ہیں جو ہم کرسکتے ہیں ،ْ ہمارا حکم امریکی عدالت اٹھا کر پھینک دے تو ہماری عدلیہ کی کیا عزت ہوگی ،ْ چیف جسٹس کے ریمارکس

پیر 25 جون 2018 17:18

سپریم کورٹ نے عافیہ صدیقی کی واپسی سے متعلق ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کی درخواست ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جون2018ء) سپریم کورٹ آف پاکستان نے عافیہ صدیقی کی واپسی سے متعلق ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کی درخواست خارج کردی ہے۔پیر کو چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے عافیہ صدیقی کی وطن واپسی سے متعلق ان کی بہن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کی درخواست کی سماعت کی۔ چیف جسٹس نے کہا وزارت خارجہ کو نوٹس جاری کیا تھا اور ایشو عافیہ صدیقی کی شہادت کا تھا، خدشہ تھا کہیں عافیہ صدیقی کی شہادت تو نہیں ہوگئی تاہم اب وزارت خارجہ کا جواب آگیا ہے، عافیہ صدیقی ماشاء اللہ حیات ہیں۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس نے درخواست گزار سے کہا کہ عدالت امریکا کو ہدایات نہیں دے سکتی، ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی طرف سے امریکی سپریم کورٹ میں دعویٰ دائر کریں۔ ڈاکٹر عافیہ کی بہن فوزیہ صدیقی کے وکیل نے کہا کہ پاکستانی شہری کے بھی بنیادی حقوق ہیں۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ عدالتیں امریکا میں عافیہ صدیقی کے معاملے پر کردار ادا نہیں کر سکتیں، ہم نے وہ کام کروانیں ہیں جو ہم کرسکتے ہیں، ہمارا حکم امریکی عدالت اٹھا کر پھینک دے تو ہماری عدلیہ کی کیا عزت ہوگی۔ عدالت نے تمام دلائل سننے کے بعد عافیہ صدیقی کی واپسی سے متعلق ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کی درخواست خارج کردی۔