سینیٹ کی قائمہ کمیٹی دفاع کا اہم اجلاس (کل )ہوگا

وزارت دفاع حکام سابق آئی ایس آئی چیف کی بھارتی ہم منصب کے ہمراہ مشترکہ کتاب کی اشاعت سے ملکی دفاع اور قومی سلامتی پر ہونے والے اثرات، وزارت خارجہ حکام امریکا میں پاکستانی سفیر علی جہانگیر صدیقی کی تعیناتی پر تفصیلی بریفنگ دیں گے

پیر 25 جون 2018 17:40

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 جون2018ء) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کا اہم اجلاس کل (منگل ) کو پارلیمنٹ ہائوس میں ہوگا۔ اجلاس میںسابق آئی ایس آئی چیف لیفٹیننٹ جنرل (ر) اسد درانی کی بھارتی ہم منصب کے ہمراہ مشترکہ کتاب کی اشاعت سے ملکی دفاع اور قومی سلامتی پر ہونے والے اثرات سے متعلق وزارت دفاع کے حکام کمیٹی کو تفصیلی بریفنگ دیں گے جبکہ وزارت خارجہ کے حکام امریکا میں تعینات ہونے والے نئے پاکستانی سفیر علی جہانگیر صدیقی کی تعیناتی پرتفصیلی بریفنگ دینگے۔

تفصیلات کے مطابق سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے دفاع کا اہم اجلاس آج بروز منگل پارلیمنٹ ہائوس میں ہوگا۔کمیٹی میں وزارت دفاع کے حکام سابق آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل (ر) اسد درانی کی بھارتی ہم منصب اے ایس دلت کے ہمراہ مشترکہ کتاب "دی سپائی کرانیکلز" کی اشاعت سے ملکی دفاع اور قومی سلامتی پر ہونے والے اثرات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دیں گے ۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ سابق آئی ایس آئی چیف کی کتاب پر مختلف حلقوں کی جانب سے شدید تنقید کی گئی جس پر لیفٹیننٹ جنرل (ر) اسد درانی کوپاک فوج کے جنرل ہیڈ کوارٹرز( جی ایچ کیو) طلب کر کے ان سے جواب طلب کیا گیا تھا اور ان کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش کی گئی تھی۔

قائمہ کمیٹی برائے دفاع نے امریکا میں تعینات ہونے والے نئے پاکستانی سفیر علی جہانگیر صدیقی کی تعیناتی پر بھی خدشات کا اظہار کرتے ہوئے وزارت خارجہ سے بھی26جون کو تفصیلی جواب طلب کیا تھا جس پر وزارت خارجہ کے حکام امریکا میں تعینات ہونے والے نئے پاکستانی سفیر علی جہانگیر صدیقی کی تعیناتی پر کمیٹی کو تفصیلی بریفنگ دیں گے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بھی علی جہانگیر صدیقی کی تعیناتی پرمختلف حلقوں کی جانب سے تحفظات کا اظہار کیا گیا تھا اور ان کے خلاف نیب میں مقدمات بھی چل رہے ہیں۔