سابق تحصیل نائب ناظم درگئی محمد ریاض ایڈوکیٹ خاندان اور ساتھیوں سمیت پی پی پی میں شامل

پیر جون 18:05

ملاکنڈ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 جون2018ء) تحصیل درگئی میں پاکستان تحریک انصاف کی بڑی وکٹ گر گئی ۔سابق تحصیل نائب ناظم محمد ریاض ایڈوکیٹ خاندان اور ساتھیوں سمیت پی پی پی میں شامل ہو گئے ۔ پی پی پی میں شمولیت کا اعلان سابق تحصیل نائب ناظم اوریونین کونسل خرکی سے سابق اُمیدوار تحصیل کونسل محمد ریاض ایڈوکیٹ نے پی پی پی کے نامزد اُمیدوار صوبائی اسمبلی پی کے 19سید محمد علی شاہ باچہ اور ضلعی ناظم ملاکنڈ و ضلعی صدر سید احمد علی شاہ باچہ کے موجودگی میں پریس کلب آفس میں پریس کانفرنس کے دوران کیا ۔

اس موقع پرتحصیل نائب ناظم محمد ریاض ایڈوکیٹ نے کہا کہ ہمارا خاندان پی پی پی کے بانی کارکنوں میں شمار ہوتا ہے جبکہ میں میرٹ ، انصاف ، قانون کی بالادستی سمیت چنددیگر اُمیدیں لیکر پی ٹی آئی میں شامل تھا لیکن پی ٹی آئی سے وابستہ تمام اُمیدیں محض سراب ثابت ہوئے جس کی وجہ سے بنی گالہ سمیت پی ٹی آئی کے دیگر تقریبات میں میرا دم گھٹتا تھا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مقامی سطع پر سابق ایم پی اے اور موجودہ نامزد اُمیدوار سید محمد علی شاہ باچہ کے کردار اور کارکردگی کو مد نظر رکھتے ہوئے غیر مشروط طور پرخاندان اور ساتھیوں سمیت پی پی پی میں شمولیت کا اعلان کر رہاہوں اور انشاء الله 25جولائی کو مرکزی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سمیت سید محمد علی شاہ باچہ کو بھاری اکثریت سے کامیاب کرائینگے ۔

اس موقع پر حلقہ پی 19سے نامزد اُمیدواراور تین بار مسلسل صوبائی نشست جیتنے والے سید محمد علی شاہ باچہ نے کہا کہ محمد ریاض ایڈوکیٹ کی پی پی پی میں شمولیت نیک شگون ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میرٹ ، انصاف اور قانون کی بالادستی کی باتیں کرنے والے عمران خان نے قومی اسمبلی کے 250سے زائد ٹکٹیں سیاسی بھگوڑوں کو دئیے ہیں اور پانچ سال میں صوبے میں کوئی بڑا منصوبہ شروع نہ کرنے سمیت کے نوجوانوں کے لئے کوئی کام نہیں کیاحالانکہ نوجوانوں نے اپنے مستقبل کو دائو پر لگاکر پی ٹی آئی کے لئے بھاگ دوڑ اور محنت کرکے ووٹ دئیے جبکہ پی ٹی آئی نے بانی اور نظریاتی کارکنوں کو بھی سائیڈ لائن کرکے صرف امیر زادوں کو ٹکٹوں اور عہدوں سے نواز ا ہے جس کی وجہ سے ان کے اپنے ہی کارکن مایوس ہو کر بنی گالہ میں دھرنا دئیے ہوئے ہیں جو اب خود عمران خان سے برداشت نہیں ہورہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ عام انتخابات میں بلاول بھٹو زرداری کا ہر وعدہ اور اعلان ہمارا اور وعدہ اور اعلان ہوگاکیونکہ یہاں ہم مدعی ہیں اور انشاء الله بلاول بھٹو منتخب ہو کر اگلے وزیر اعظم ہونگے۔