فرائض میں کسی بھی قسم کی غفلت اور کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی، نوتعینات ڈی پی اوڈی آئی خان

پیر 25 جون 2018 18:05

ڈی آئی خان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جون2018ء) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ظہور بابر آفریدی نے ڈیرہ اسماعیل خان میں حالیہ تبادلے کے بعد اپنے عہدے کا جارچ سنبھال لیا ہے ۔انہوںنے اپنے دفتر میں تمام پولیس افسران اور سٹاف سے خصوصی ملاقات کی اور انہیں ہدایات جاری کیں ۔اس دوران انہوںنے پولیس لائن سمیت ڈیرہ کے مختلف تھانوںکو اچانک دورہ کیا جن میں تھانہ سٹی۔

کینٹ ۔صدر۔ڈیرہ ٹاون۔ چوکی نمبر 4 تھانہ سٹی ، ڈی ایس بی دفتر چوگلہ اور پولیس لائن کا معائنہ کیا ۔ اس دوران انہوں نے پولیس افسران اور اہلکاروں کوہدایات دیں کہ انتہائی چوکس رہتے ہوئے اپنے ڈیوٹی پوری ایمانداری اور لگن کے ساتھ سرانجام دیں ۔فرائض میں کسی بھی قسم کی غفلت اور کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی بہتر کارکردگی پر حوصلہ افزائی جبکہ ناقص کارکردگی اور نااہلی پر انہیں تادیبی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا ۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ پولیس عوام کی خادم ہے لہذا تھانوں میں سائلین اور مظلوموں کی بھرپور مدد اور ان کی داد رسی کی جائے ۔ کسی بھی مظلوم کے ساتھ زیادتی یا اس کی حق تلفی ہرگز برداشت نہیں کی جائیگی۔ پولیس اہلکار شہریوں کے ساتھ اپنا رویہ مشفقانہ رکھیں ۔انہوں نے تھانوں میں حوالات کے اندر بغیر کسی جرم کے زیرحراست افراد کو فوری طور پر رہا کرتے ہوئے تمام ایس ایچ اوز کو سختی سے ہدایات جاری کیں کہ کسی بھی شخص کو بغیر کسی جرم کے تھانہ کی حوالات میں بند ہرگز نہ کیا جائے ۔ اس موقع پر انہوںنے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ شہریوں کے جان ومال کا تحفظ اور ان کی فوری داد رسی ان کی اولین ترجیہات میں شامل ہیں ۔ان کے دفتر کے دروازے ہر عام و خاص کیلئے کھلے ہوئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :