نگران وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک کی زیرصدارت عام انتخابات 2018ء کے خوش اسلوبی سے انعقاد کیلئے انتظامات اور تیاریوں بارے اجلاس

نگران وزیراعظم کا الیکشن کمیشن کی طرف سے انتخابی تیاریوں پر اطمینان کا اظہار آزادانہ، منصفانہ اور پرامن انتخابات کو یقینی بنانا الیکشن کمیشن کی بنیادی ذمہ داری ہے، وفاقی اور صوبائی حکومتیں الیکشن کمیشن کو انتخابات کے لئے ہر ممکنہ معاونت فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہیں،نگران وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک

پیر 25 جون 2018 18:12

نگران وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک کی زیرصدارت عام انتخابات 2018ء کے خوش ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جون2018ء) نگران وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک نے الیکشن کمیشن کی طرف سے انتخابی تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزادانہ، منصفانہ اور پرامن انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانا الیکشن کمیشن آف پاکستان کی بنیادی ذمہ داری ہے، وفاقی اور صوبائی حکومتیں الیکشن کمیشن کو اس کی آئینی ذمہ داریوں کی ادائیگی میں ہر ممکنہ معاونت فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔

انہوں نے یہ بات پیر کو عام انتخابات 2018ء کے خوش اسلوبی سے انعقاد کیلئے کئے جانے والے انتظامات اور تیاریوں کے بارے میں بریفنگ کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ وزیراعظم آفس میں دی گئی بریفنگ میں وزیر داخلہ محمد اعظم خان، وزیراعلیٰ پنجاب حسن عسکری رضوی، وزیراعلیٰ سندھ فضل الرحمن، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا جسٹس (ر) دوست محمد خان، وزیراعلیٰ بلوچستان علائو الدین مری، وزیراعظم کے سیکرٹری سہیل عامر، سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب فتح محمد، خزانہ، داخلہ اور دفاع ڈویژنز کے سیکرٹریوں، چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریز ، آئی جیز اور دیگر سینئر حکام نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

سیکرٹری الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کے انعقاد کیلئے کئے گئے انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے ضابطہ اخلاق کی تفصیلات بھی بیان کیں جو امیدواروں، پریذائیڈنگ افسران اور پولنگ عملہ، انتخابی فرائض کیلئے تعینات قانون نافذ کرنے والے اداروں، ملک بھر میں انتخابات کی مانیٹرنگ کیلئے مقامی اور غیر ملکی میڈیا اور انتخابی مبصرین کیلئے مرتب کیا گیا ہے۔