سہیل انورسیال کے مدمقابل پیپلز پارٹی سے بغاوت کرنے والے آزاد امیدوار سیف اللہ ابڑو نے انتخابی مہم تیز کردی

پیر 25 جون 2018 18:23

سہیل انورسیال کے مدمقابل پیپلز پارٹی سے بغاوت کرنے والے آزاد امیدوار ..
لاڑکانہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جون2018ء) لاڑکانہ کے صوبائی حلقے پی ایس 12 پر سابق صوبائی وزیر داخلہ سہیل انور کے مدمقابل پیپلز پارٹی سے بغاوت کرنے والے آزاد امیدوار سیف اللہ ابڑو نے انتخابی مہم تیز کردی ہے جبکہ ایک آزاد امیدوار کی جانب سے ان کے حق میں دستبرداری اور مختلف معززین کی جانب سے ان کی حمایت کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔

گذشتہ روز پیپلز پارٹی رہنما اور پی ایس 12 پر آزاد حیثیت سے عام انتخابات میں حصہ لینے والے انجنیئر سیف اللہ ابڑو کے حق میں آزاد امیدوار محسن علی بھنگر نے دستبرداری کا اعلان کیا گیا۔ بعد ازاں سیف اللہ ابڑو شیعہ علمائے کونسل پاکستان کے رہنما مشتاق حسین مشہدی اور درگاہ فیض پور کے گدی نشین سید ذوالفقار علی شاہ سے ملاقات کی جہاں پر انہوں نے اپنے معتقدین کے ہمراہ حمایت کا بھرپور اعلان کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انجنیئر سیف اللہ ابڑو کا کہنا تھا کہ میری حمایت اور میرے حق میں دستبردی کا اعلان کرنے والوں کا میں شکر گذار ہوں جنہوں نے مجھ پر اعتماد کرکے مجھے اتنی عزت بخشی۔ انہوں نے کہا کہ لاڑکانہ کے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 200 پر چیئرمین پاکستان پپیلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے حمایت کا بھرپور اعلان کرتے ہوئے انہیں اپنی برادری کے ووٹ دلوانے اور ان کا انتخابی مہم چلانے کا اعلان کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی میں کچھ بااثر افراد نظریاتی کارکنان کو نظرانداز کرکے اعلیٰ قیادت سے غلط بیانی کررہے ہیں جس کا پارٹی قیادت نوٹس لے۔