شارجہ:ٹریفک قوانین کی پابندی نہ کرنے والے اب اپنی بگڑی عادتیں بدل لیں

رواں سال ٹریفک رولز کی خلاف ورزی پر لوگوں کی بڑی تعداد پر جرمانے عائد کیے گئے

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 25 جون 2018 17:44

شارجہ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25جُون 2018ء) ٹریفک پولیس کے مطابق کار سواروں کی بڑی تعداد ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون کے استعمال سے باز نہیں آ رہی جبکہ سیٹ بیلٹ نہ باندھنے والے بھی اپنی اس بُری عادت کو ترک کرنے کو تیار نہیں۔ جس کا نتیجہ یہ نکلا ہے کہ رواں سال بڑی تعداد میں ٹریفک قوانین کی پابندی نہ کرنے والوں پر بھاری جرمانے عائد کیے گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق اس سال 8884 افراد کو سیٹ بیلٹ نہ باندھنے پر جرمانوں کا سامنا کرنا پڑا جبکہ 4426 افراد کو دورانِ ڈرائیونگ موبائل فون استعمال کرنا مہنگا پڑ گیا۔ ٹریفک اینڈ پٹرول ڈیپارٹمنٹ کے ترجمان لیفٹیننٹ سعود الشیبا کا کہنا تھا ’’سیٹ بیلٹ باندھنا بہت اہم ہے کیونکہ کوئی حادثہ رُونما ہونے کی صورت میں چوٹوں کو کم کیا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

نئے قانون کے تحت سیٹ بیلٹ نہ باندھنے والوں پر چار سو درہم کا جرمانہ عائد کیا جا رہا ہے جبکہ چار بلیک پوائنٹس بھی کھاتے پڑ جاتے ہیں۔ میں ماؤں پر زور دیتا ہوں کہ وہ اگلی سیٹوں پر بچوں کو گود میں لے کر نہ بیٹھیں‘ چاہے اُنہوں نے سیٹ بیلٹ ہی کیوں نہ باندھ رکھی ہوں۔ کیونکہ ایسی صورت میں کوئی حادثہ رُونما ہونے یا اچانک بریک لگنے کی صورت میں بچوں کے ونڈ سکرین سے ٹکرا کر زخمی ہونے کا امکان بڑھ جاتا ہے۔

‘‘ لیفٹیننٹ ال شیبا کے مطابق اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ زیادہ تر حادثات ڈرائیورز کے دورانِ ڈرائیونگ موبائل فون استعمال کرنے کے باعث رُونما ہوئے۔ پولیس کی جانب سے بارہا وارننگ دیئے جانے کے باوجود ڈرائیور حضرات موبائل فون استعمال کرنے سے باز نہیں آ رہے۔ اسی باعث نئے ٹریفک قانون کے تحت دورانِ ڈرائیونگ موبائل فون کا استعمال اب 800 اماراتی درہم کے اضافہ شُدہ جرمانے کو دعوت دے گا۔ اس کے علاوہ چار بلیک پوائنٹس کی سزا بھی ہو گی۔ لوگوں کو نئے قانون کے بارے میں آگاہی دلانے کے لیے پولیس نے ڈیپارٹمنٹ کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس (ٹویٹر‘ فیس بُک‘ یو ٹیوب اور انسٹاگرام) پر احتیاطی تدابیر اور دیگر ٹریفک معلومات پرمبنی تحریری مواد پوسٹ کیا ہے ۔