شہباز شریف نے شہر لاہور کو لاہور نہیں رہنے دیا کراچی کو پیرس کیا بنائیں گے‘میاں محمود الرشید

ملک کو پیرس نہیں انصاف اور کرپشن سے پاک کرنا ضروری ہے، شہباز شریف اہل کراچی کو ٹرک کی بتی کے پیچھے لگا کر گمراہ کر رہے ہیں انصاف حکومت اور عمران خان کے وزیراعظم بننے میںمسافت صرف چند ہفتوں کی ہے، کارکن دن رات ایک کر دیں ،ہر گھر پارٹی منشور پہنچائیں

پیر جون 18:29

شہباز شریف نے شہر لاہور کو لاہور نہیں رہنے دیا کراچی کو پیرس کیا بنائیں ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 جون2018ء) تحریک انصاف کے مرکزی رہنما میاں محمودالرشید نے کہا ہے کہ شہباز شریف نے شہر لاہور کو لاہور نہیں رہنے دیا یہ کراچی کو پیرس کیا بنائیں گے، ملک کو پیرس نہیں انصاف اور کرپشن سے پاک کرنا ضروری ہے، شہباز شریف اہل کراچی کو ٹرک کی بتی کے پیچھے لگا کر گمراہ کر رہے ہیں، انصاف حکومت اور عمران خان کے وزیراعظم بننے میںمسافت صرف چند ہفتوں کی ہے، کارکن دن رات ایک کر دیں اور ہر گھر میں پارٹی کا منشور پہنچائیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز حلقہ پی پی160 کے مختلف عوامی فود سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔ وفود کی قیادت مفتی اشفاق، جلال الدین عرف جھارا، وقاص عرف وکی خان، ریاض جٹ، شیخ خرم کر رہے تھے۔ اس موقع پر میاں محمودالرشید نے عوامی رابطہ مہم تیز کرنیکی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کارکن ہر گھر میں پارٹی کا منشور پہنچائیں، ملک میں انصاف حکومت کے قیام اور عمران خان کے وزیراعظم بننے میں اب زیادہ وقت نہیں،دو نہیں ایک پاکستان کا قیام صرف چند ہفتوں کی بات ہے۔

(جاری ہے)

انکا کہنا تھا کہ شہباز شریف نے اپنے دور اقتدار میں عوام سے جھوٹ بولنے اور قوم کا وقت ضائع کرنے، وسائل کو اپنی ذات پر خرچ کرنے کے سوا کچھ نہیں کیا۔ پنجاب کے غریب عوام کو یومیہ17لاکھ روپے میں پڑنے والا جعلی خادم اب اہل کراچی کو ٹرک کی بتی کے پیچھے لگا کر گمراہ کر رہا ہے لیکن عوام اب باشعور ہو چکے ہیں شہبا ز شریف کی بہکی بہکی باتوں میں نہیں آئیں گے۔ میاں محمودالرشید نے مزید کہا کہ شہباز شریف نے شہر لاہور کو لاہور نہیں رہنے دیا یہ کراچی کو پیرس کیا بنائیں گے، ملک کو پیرس نہیں انصاف اور کرپشن سے پاک کرنا ضروری ہے،وسائل انسانوں پر خرچ کرنے کی ضرورت ہے لیکن بد قسمتی سے انسان مسلم لیگ کی ترجیح نہیں۔