آئندہ عام انتخابات میں پیپلزپارٹی بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگی،عزیز الرحمان چن

پیر 25 جون 2018 19:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 جون2018ء) پاکستان پیپلزپارٹی لاہور کے صدر عزیز الرحمان چن نے کہا ہے کہ آئندہ عام انتخابات میں پیپلزپارٹی بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگی پیپلزپارٹی کی قیادت کا کردار پوری پاکستانی عوام کے سامنے ہے پیپلز پارٹی کی قیادت نے کبھی بھی اپنے سیاسی مخالفین کی ذاتیات پر حملہ نہیں کیا پارٹی نے ہمیشہ سیاسی اصولوں کی سیاست کی ہے گزشتہ روز میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے عزیز الرحمان چن نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے کو چیئرمین آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری پنجاب بھر سے قومی و صوبائی اسمبلی کے حلقوں پر پارٹی امیدواروں کو حتمی شکل دینے کا عمل آج مکمل کرلیں گے جس کے بعد پیپلزپارٹی لاہور سمیت پنجاب بھر میں باقاعدگی سے انتخابی مہم کا آغاز کردیگی انہوں نے یہ بھی بتایا کہ پنجاب بھر میں ہونے والے پیپلزپارٹی کے انتخابی جلسوں میں آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری شرکاء سے خطاب کرینگے عزیز الرحمان چن کے مطابق پیپلزپارٹی کا انتخابی منشور تقریبا مکمل ہو چکا ہے اور اس منشور کا اعلان پارٹی قیادت انتخابی جلسوں میں کریگی انہوں نے کہا کہ منشور میں روٹی کپڑا اور مکان سمیت پاکستانی شہریوں کو درپیش مسائل سے متعلق اہم نکات شامل کئے گئے ہیں ۔