آئیفا میں سری دیوی کے نام بہترین اداکارہ کا ایوارڈ

پیر 25 جون 2018 19:30

آئیفا میں سری دیوی کے نام بہترین اداکارہ کا ایوارڈ
بینکاک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 جون2018ء) آئیفا ایوارڈز 2018 کی شاندار تقریب بینکاک میں منعقد ہوئی، جہاں بولی وڈ آنجھانی اداکارہ سری دیوی کو بہترین اداکارہ کے اعزاز سے نوازا گیا۔سری دیوی کا انتقال رواں سال کے آغاز میں دبئی میں ہوا، انہیں آئیفا میں 2017 میں ریلیز ہوئی فلم موم کے لیے ایوارڈ دیا گیا۔سری دیوی کا ایوارڈ ان کے شوہر بونی کپور نے اسٹیج پر قبول کیا۔

فلم موم میں سری دیوی کے ساتھ دینے والے اداکار نوازالدین صدیقی کو بہترین معاون اداکار کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔

(جاری ہے)

ودیا بالن کی فلم تمہاری سلو کو بہترین فلم کا ایوارڈ دیا گیا، اس فلم کی کہانی ایک شادی شدہ خاتون پر مبنی تھی جو ریڈیو جوکی بن کر اپنے خواب کو پورا کرتی ہیں۔عرفان خان کو ان کی فلم ہندی میڈیم کے لیے بہترین اداکار کا ایوارڈ دیا گیا۔

فلم ہندی میڈیم میں عرفان خان کے ساتھ پاکستانی اداکارہ صبا قمر نے بھی اہم کردار ادا کیا تھا۔ہندی میڈیم کے ہدایت کار ساکت چوہدری کو بھی بہترین ڈائیریکٹر کا ایوارڈ ملا، تاہم صبا قمر کو کسی بھی ایوارڈ کے لیے نامزد نہیں کیا گیا۔بولی وڈ معروف اداکار انوپم کھیر کو انڈین سینما میں اتنے سالوں تک شاندار کام کرنے پر لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا گیا۔۔