بوریوالہ؛ سیشن جج کی موجودگی میں مسلم لیگ ن کے دو دھڑوں میں جھگڑا

مخالفین نے ایک دوسرے پر گولیاں چلا دیں ،گولی لگنے سے ایک بچہ شدید زخمی

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس پیر 25 جون 2018 18:39

بوریوالہ؛ سیشن جج کی موجودگی میں مسلم لیگ ن کے دو دھڑوں میں جھگڑا
بوریوالہ (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار-25 جون 2018ء) :بوریوالہ میں سیشن جج کی موجودگی میں مسلم لیگ ن کے دو دھڑوں میں جھگڑا ہو گیا۔ مخالفین نے ایک دوسرے پر گولیاں چلا دیں ،گولی لگنے سے ایک بچہ شدید زخمی ہو گیا۔تفصیلات کے مطابق الیکشن کا وقت قریب سے قریب تر ہوتا جارہا ہے ،جس کے بعد الیکشن کی گہما گہمی بڑھتی جارہی ہے۔ایسے حالات میں سیاسی جماعتوں کی جانب سے اس تاریخ انتخابی معرکے کو لڑنے کے لیے بھرپور انداز میں تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔

ایسے میں سیاسی جماعتوں نے مخالفین کو سیاسی میدان میں دھول چٹانے کی تیاریاں عروج پر پہنچ چکی ہیں۔بڑے بڑے سیاسی رہنما اپنے مخالفین کی ساکھ خراب کرنے کے لیے ایک دوسرے پر الزامات کی بوچھاڑ کر رہے ہیں اور ایک دوسرے کو برا بھلا کہہ رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ایسی صورتحال میں نہ صرف مختلف سیاسی جماعتوں کے مخالفین ایک دوسرے کے سامنے کھڑے ہیں بلکہ ایک ہی جماعت کے سیاسی مخالفین نے بھی ایک دوسرے کے خلاف محاذ کھڑا کر دیا جس میں ٹکٹ نہ مل پانا اور مخالف کو ٹکٹ مل جانا ایک اہم وجہ ہے۔

ان حالات میں کچھ علاقوں میں سیاسی کشیدگی میں اضافہ ہو چکا ہے۔ایسا ہی ایک افسوسناک واقعہ آج بوریوالہ میں پیش آیا جہاں سیشن جج کی موجودگی میں مسلم لیگ ن کے دو دھڑے آپس میں لڑ پڑے۔بات بحث سے شروع ہوئی مگر بات گالم گلوچ تک جا پہنچی تو مخالفین نے ایک دوسرے کے خلاف ہتھیار نکال لیے ۔اس دوران فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا جس کے نتیجے میں موقع پر موجود ایک بچہ گولی لگنے سے شدید زخمی ہو گیا ہے۔جس کو ابتدائی طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔دوسری جانب صورتحال کو قابو میں رکھنے کے لیے پولیس بھی موقع پر پہنچ چکی ہے۔