گیس کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ عوام کے ساتھ ظلم کی انتہاء ہے‘ذکر اللہ مجاہد

گیس کی چوری ولیکج کی مد میں 21 ارب بھاری رقم کی وصولی جیسی عوام دشمن پالیسیوں کو فی الفور ختم کیا جائے

پیر 25 جون 2018 19:57

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جون2018ء) صدر متحدہ مجلس عمل و امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے ملکی تاریخ میں گیس کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافے پر اپنے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ گیس کی قیمتوں میں 300 فیصد سے زائد اضافہ عوام کے ساتھ ظلم کی انتہاء ہے ا وگر ا117 ارب روپے کا ہدف پورا کرنے کیلئے عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈال رہا ہے جس کی بھر پور مذمت کرتے ہیں۔

گیس کی قیمتوں میں ہو شربااضافے سے گھریلوں صارفین کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گا اس پالیسی پر نگراں حکومت کو فی الفور نوٹس لینا چاہیے ۔ گیس کی قیمتوں میں 300 سو فیصد سے زائد اضافہ عوام کی برداشت سے باہر ہے لہٰذا ان قیمتوں پر قابو نہ پایا گیا تو عوام احتجاج کرنے پر مجبور ہوں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پہلے ہی ڈالر کی قیمت بڑھنے اور ملکی قرضہ جات میں بے پناہ اضافہ سے ملک میں مہنگائی کا طوفان اُمڈ آیا ہے ، روزمرہ گھریلوں استعمال میں آنے والی بجلی ، پٹرول سمیت خوردونوش سے آٹا ، چینی ، دالیں ، گھی سمیت سبزیوں تک کی قیمتیں غریب عوام کی پہنچ سے دور ہوتی جا رہی ہیںجس سے عام آدمی کی زندگی اجیرن بن چکی ہے ۔

سابقہ حکومت نے ملکی معیشت کو قرضوں کی دلدل میں دھکیل دیا ہے جس کا خمیازہ پوری قوم بھگت رہی ہے ۔ ذکر اللہ مجاہد نے نگراں حکومت سے مطابلہ کیا ہے کہ اوگرا کی جانب سے گھریلوں صارفین کیلئے مقرر کی گئی قیمتوں کافی الفور نوٹس لیا جائے اور چوری ، لیکج کی مد میں 21 ارب کی بھاری رقم کی وصولی کو غریب صارفین کی جیبوں سے وصولی کو ختم کیا جائے ورنہ متحدہ مجلس عمل اس عوامی مسئلے پر احتجاج کرنے پر مجبور ہو گی ۔