الیکشن کے باعث بچوں کی موجیں لگ گئیں

عام انتخابات کے باعث سندھ بھر کے سکول کالجز میں تعطیلات میں توسیع پر غور شروع کر دیا گیا

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس پیر 25 جون 2018 19:02

الیکشن کے باعث بچوں کی موجیں لگ گئیں
کراچی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار-25 جون 2018ء) :الیکشن کے باعث بچوں کی موجیں لگ گئیں۔ عام انتخابات کے باعث سندھ بھر کے سکول کالجز میں تعطیلات میں 27 جولائی تک توسیع پر غور شروع کر دیا گیا۔تفصیلات کے مطابق الیکشن کا وقت قریب سے قریب تر ہوتا جارہا ہے ،جس کے بعد الیکشن کی گہما گہمی بڑھتی جارہی ہے۔ایسے حالات میں سیاسی جماعتوں کی جانب سے اس تاریخ انتخابی معرکے کو لڑنے کے لیے بھرپور انداز میں تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔

ایسے میں سیاسی جماعتوں نے مخالفین کو سیاسی میدان میں دھول چٹانے کی تیاریاں عروج پر پہنچ چکی ہیں۔بڑے بڑے سیاسی رہنما اپنے مخالفین کی ساکھ خراب کرنے کے لیے ایک دوسرے پر الزامات کی بوچھاڑ کر رہے ہیں اور ایک دوسرے کو برا بھلا کہہ رہے ہیں۔الیکشن کی اس گہما گہمی میں سرکاری اداروں نے بھی الیکشن کے انعقاد کی بھرپور تیاریاں کر لی ہیں ۔

(جاری ہے)

ایک جانب کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے بعد اپیلوں کو سنے جانے کا سلسلہ جاری ہے۔اس حوالے سے سندھ کے طلبا و طالبات کے لیے بڑی خوشخبری یہ ہے کہ سندھ حکومت نے گرمیوں کی تعطیلات میں اضافے ہر غور روع کر دیا ہے۔عام انتخابات کی وجہ سے تعطیلات میں 27 جولائی تک توسیع کا امکان ہے۔محکمہ تعلیم سندھ کا مؤقف ہے کہ اساتذہ الیکشن میں پولنگ اسٹیشنز میں فرائض میں مصروف ہوں گے اور مختلف تعلیمی اداروں میں پولنگ اسٹیشن بھی قائم ہوں گے۔

سندھ کے تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی قبل از وقت تعطیلات کا اعلان محکمہ تعلیم کے مطابق صوبہ سندھ میں موسم گرما کی تعطیلات میں اضافے کی تجویز نگران حکومت کو ارسال کی جائے گی۔یاد رہے کہ اس بار گرمیوں کے باعث سندھ بھر میں گرمیوں کی تعطیلات قبل ازوقت شروع کر دی گئی ہیں۔