دشمن پاکستان کی ترقی سے خائف ،ہماری صفوں میں انتشار پیدا کرنا چاہتے ہیں،پاکستان اس وقت تک آزاد ، خودمختار اور ترقی یافتہ نہیں ہو سکتا جب تک عوام کو اس کے فیصلے نہیں کرنے دئیے جائیں گے ، پاکستانی عوام کا مقدر آئین ، جمہوریت اور ووٹ کی عزت میں ہے،اس الیکشن میں عوام مسلم لیگ ن کو زیادہ اکثریت میں کامیاب کرکے عوام کی حرمت کو بحال کروائیںگے

مسلم لیگ (ن)کے مرکزی رہنما اور سابق وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کا الیکشن مہم کے سلسلہ میں کارنر میٹنگز سے خطاب

پیر 25 جون 2018 20:32

نارووال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 جون2018ء) مسلم لیگ (ن)کے مرکزی رہنما اور سابق وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ دشمن پاکستان کی ترقی سے خائف ہیں اور وہ ہماری صفوں میں انتشار پیدا کرنا چاہتے ہیںپاکستان اس وقت تک آزاد ، خودمختار اور ترقی یافتہ نہیں ہو سکتا جب تک پاکستان کے عوام کو اس کے فیصلے نہیں کرنے دئیے جائیں گے اورعوام کے ووٹ کو عزت نہیں دی جاے گی، پاکستان کے عوام کا مقدر آئین ، جمہوریت اور ووٹ کی عزت میں ہے اور اس الیکشن میں عوام مسلم لیگ ن کو زیادہ اکثریت میں کامیاب کرکے عوام کی حرمت کو بحال کروائیںگے۔

الیکشن مہم کے سلسلہ میں کارنر میٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے اتحاد ، استحکام اور یکجہتی کا دامن نہیں چھوڑنا، پاکستان کے تمام اداروں کو آئین کے مطابق ملکر کام کرنا ہو گا، پاکستان ایک ایٹمی قوت ہے جو کسی اناڑی کے حوالے نہیں کہا جاسکتا ۔

(جاری ہے)

پاکستان کے عوام 25جولائی کو مسلم لیگ ن کو بھرپور اکثریت دے کر اپوزیشن کو منہ توڑ جواب دیں گے۔

جسے اللہ تعالی کی ذات عوام کے دلوں میں بسا دے اسے کوئی بھی عوام کے دلوں سے نکال نہیں سکتا۔عوام کی بھر پور حمایت سے انشاء اللہ مجالفین کی ضمانتیں ضبط کروا دیں گے۔انہوں نے کہا کہ 2013 میں پاکستان میں بدامنی ، جہالت ، لوڈشیڈنگ کے اندھیرے تھے مسلم لیگ ن نے قوم کو ایک نئی امید دی اور ترقی کے راستے پر ڈال دیا جس کا اعتراف آج ساری دنیا کر رہی ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ مشرقی پاکستان اس لیے ہم سے علیحدہ ہو گیا کہ ہم نے عوام اور جمہور کے فیصلے اور راج کو نہیں مانا۔ مشرف بلوچستان کو پاکستان سے کاٹ گیا تھا یہ نواز شریف کا ہی کمال ہے کہ بلوچستان کی حکومت قوم پرست جماعتوں کو دی اور ڈکٹیٹر کے لگائے گے زخموں پر مرحم رکھا۔ انکا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن نے اقتدار میں آکر تین سالوں میں بجلی کے دس ہزار میگا واٹ کے منصوبے لگائے جبک 66 سالوں صرف سولہ ہزار میگاواٹ پیدا کئے گئے۔

دہشت گردی کی کمر توڑ کر امن کو فروغ دیا۔ انہوں نے کہا کہ جس پاکستان میں ایک روپیہ کی سرمایہ کاری کے لیے کوئی تیار نہیں تھا مسلم لیگ ن اور نواز شریف کی بدولت سی پیک کے ذریعے چین نے اربوں ڈالر کے منصوبے لگائے۔ سی پیک کے منصوبے نے مخالفین کی نیندیں حرام کر دیں کہ اور مخالفین سمجھتے ہیں کہ اگر یہ منصوبہ کامیاب ہو گیا تو کوئی نواز شریف کو ہرا نہیں سکے گا۔

عوام ان سازشوں کا بدلہ 2018 میں بھرپور اکثریت سے نواز شریف اور مسلم لیگ ن کو کامیاب کرکے لیں گے۔ احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کے مالک بیس کڑوڑ عوام، اس کے مزدور، کسان ، نوجوان، استاد، خواتین، اور بزرگ ہیں - کمروں میں بیٹھ کر سازشیں کرنے والے چند افراد پا کستان کے مالک نہیں۔ ہم "اصل پاکستان" بنانا چاہتے جو قائد اعظم اور علامہ اقبال کا پاکستان ہے جس میں امن ، بھائی چارے، رواداری سے خوشحالی سے زندگی بسر کر سکیں، پاکستان کو70 سالوں میں قائد اعظم کا پاکستان نہیں بننے دیا گیا۔

نواز شریف کا عزم اب قائد اعظم کا اصل پاکستان بنانا ہے جس میں عوام اس کے حقیقی مالک ہوں - انہوں نے کہا کہ زرداری کو پانچ سال دئیے گئے کہ وہ لوٹ مار کرے لیکن نواز شریف کو پاکستان کی تعمیر و ترقی کے لیے پانچ سال کام کرنے نہیں دئیے گئے۔