متحدہ مجلس عمل نے اسلام آباد کیلئے اپنے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کردیا

حلقہ این اے 54، 53 سے میاں اسلم اور 52 سے بلال فیصل ہونگے

پیر 25 جون 2018 20:32

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 جون2018ء) متحدہ مجلس عمل نے اسلام آباد کیلئے اپنے نمائندوں کا اعلان کردیا ، حلقہ 54، NA-53کے امیدوار میاں اسلم جبکہ حلقہ NA-52کے امیدوار بلال فیصل ہونگے۔ ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز میاں اسلم کی رہائش گاہ پر متحدہ مجلس کے صدر مولانا عبدالرئوف نے کیا۔ اس موقع پر جمعیت علمائے اسلام کے قاری سہیل عباسی، میاں محمد اسلم ، کاشف چوہدری ، حافظ مقصود ، مفتی عابد اور محمد علی کاظمی بھی موجود تھے۔

جمعیت علمائے اسلام کے امیر و صدر متحدہ مجلس عمل اسلام آباد کے صدر مولانا عبدالرئوف نے کہا کہ جس طرح برصیغر کے مسلمانوں نے ایک سوچ اور نظریئے کے تحت قیام پاکستان کا خواب شرمندہ تعیبر کیا ۔ اسی طرح پاکستان کے مسلمانوں نے اپنے اختلافات کو پس پشت ڈال کر متحدہ مجلس عمل کی آواز پر لبیک کہا ہے۔

(جاری ہے)

اور متفقہ طور پر اسلام آباد میں حلقہ NA-53,54کیلئے جماعت اسلامی کے رہنمامیاں محمد اسلم جبکہ حلقہ NA-52کیلئے جمعیت علمائے اسلام کے امیدوار راجہ بلال فیصل کو سپورٹ کرینگے اس سلسلے میں متحدہ مجلس عمل میں شامل پانچوں جماعتوں کے متفقہ امیدوار ہونگے سابق رکن قومی اسمبلی و حالیہ امیدوار قومی اسمبلی میاں محمد اسلم نے اظہار خیال کیا کہ ترکی میں طیب اردگان کی کامیابی پر اہل پاکستان کو مبارکباد پیش کرتا ہوں امریکہ ، یورپ اور سیکیولر دنیا ان کے خلاف تھی لیکن وہ ڈٹے رہے اور کامیاب ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ متحدہ مجلس عمل کے مقابلے میں دوبڑی سیاسی جماعتیں اپنے اختلافات پر قابو نہیں پاسکی ہیں اور ان میں پھوٹ پڑگئی ہے جبکہ اس کے مدمقابل متحدہ مجلس عمل میں پانچ مذہبی جماعتوں کا اتحاد ہے۔ پانچوں دین جماعتوں نے مل کر اپنے نمائندوں کا چنائو کیا ہے۔ اسلام آباد میں پانچوں دینی جماعتوں کا نظم مضبوط ہے۔ انہوں نے اپنے نمائندوں کا اعلان کردیا ہے۔

ہم اسلام آباد کی خدمت کیلئے کوشاں رہینگے۔ میاں محمد اسلم نے مزید کیا کہ متحدہ مجلس عمل کی بحالی کا آغاز کنونش سنٹر میں ورکرکنونشن کے ذریعے کیا پشاور میں گزشہ روز کا متحدہ مجلس عمل کا جلسہ سب سے بڑا سیاسی جلسہ تھا جس کے مد مقابل کوئی دوسری سیاسی جماعت اتنا بڑا جلسہ نہیں کرسکی۔ متحدہ مجلس عمل اسلامی تہذیب و تمدن کا شعار ہے ہمارے مقابلے میں ناچنے ، گانے اور دھرنے والے ہیں ان کے مقابلے میں میں متحدہ مجلس عمل جیتے گی اور ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرے گی۔ متحدہ مجلس عمل کلمے کی بنیاد پر اکٹھی ہوئی ہے اور کلمے کی بنیاد پر تمام ملک کو اکٹھا کرینگے۔