Live Updates

شہباز شریف جھوٹے وعدوں ،عمران خان گالم گلوچ پر انتخابات لڑنے جا رہے ہیں‘پیپلز پارٹی

قوم بول بچن ،گالم گلوچ کی سیاست کرنیوالوں سے خبردار رہے،ہمارا مقابلہ طالبان کی حامی (ن) لیگ اور پی ٹی آئی سے ہے

پیر 25 جون 2018 20:38

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جون2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی نے کہا ہے کہ ہمارا مقابلہ طالبان کی حامی (ن) لیگ اور تحریک انصاف سے ہے، قوم بول بچن اور گالم گلوچ کی سیاست کرنے والوں سے خبردار رہے۔پیپلز پارٹی کے سیکرٹری اطلاعات سینیٹر مولا بخش چانڈیو نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ شہباز شریف اور عمران خان کی جماعت نے 2013ء کے انتخابات طالبان کی حمایت سے جیتے، قوم کو اچھی طرح یاد ہے کہ دونوں جماعتیں طالبان اور دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کے مخالف تھے، حالات اور اداروں نے نواز شریف اور عمران خان کو طالبان اور دہشتگردوں کے خلاف آپریشن پر مجبور کیا، ایک طرف شہباز شریف ہیں جو پہلے کی طرح جھوٹے وعدے کر کے قوم کو بیوقوف بنانے نکلیں ہیں، دوسری طرف عمران خان ہیں جو منشور پر نہیں گالم گلوچ پر انتخابات لڑنے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے آج پھر کراچی میں سنجیدہ سا منہ بنا کر ٹوپی ڈرامہ کیا ہے، نوے فیصد لوڈشنگ نہیں، بجلی ختم ہوگئی ہے، شہباز شریف لاہور سے باہر نکل کر دیکھیں، چند بڑے شہروں کے علاوہ پورا ملک اندھیروں میں ڈوبا ہے، شہباز شریف نام نہیں تو کم سے بیان ہی بدل دے۔انہوں نے کہا کہ کراچی کا امن (ن) لیگ کی نہیں پی پی پی کی سندھ حکومت، رینجرز اور پولیس کا کارنامہ ہے، نواز شریف نے امن و امان کے اجلاسوں میں سندھ حکومت کے ساتھ کیا گیا ایک بھی وعدہ پورا نہیں کیا، وفاقی حکومت نے کراچی آپریشنز پر اٹھنے والے اخراجات میں اپنا حصہ تک نہیں دیا، (ن) لیگ کی وفاقی حکومت نے تو کراچی آپریشن کو بھی سیاسی انتقام کیلئے استعمال کیا، شہباز شریف ایسے جھوٹے دعوے کرنے سے قبل اپنے دوست وزیرداخلہ چودھری نثار کے بیانات اٹھا کر دیکھ لے، چودھری نثار نے پارلیمنٹ میں کھڑے ہو کر کراچی آپریشن کو متنازعہ بنانے کی کوشش کی تھی، وزیرداخلہ چودھری نثار دہشتگردوں کو للکارنے کے بجائے سیاسی مخالفیں کو بلیک میل کرتے رہے، چودھری نثار کی تقاریر پارلیمانی رکارڈ کا حصہ ہیں، شہباز کا جھوٹ اب نہیں چلے گا۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات