Live Updates

فواد چوہدری کی پریس کانفرنس کے دوران خاتون کارکن نے ٹکٹ نہ ملنے پر احتجاج ریکارڈ کرایا

پیر 25 جون 2018 20:38

فواد چوہدری کی پریس کانفرنس کے دوران خاتون کارکن نے ٹکٹ نہ ملنے پر احتجاج ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جون2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری کی پریس کانفرنس کے دوران پارٹی کی ایک خاتون کارکن نے ٹکٹ نہ ملنے پر احتجاج ریکارڈ کرایا۔تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری لاہور میں پریس کانفرنس کر رہے تھے کہ ایک خاتون نے کھڑے ہو کر تقریر شروع کر دی۔فاطمہ نامی خاتون کا کہنا تھا کہ انتخابی ٹکٹوں کی تقسیم کے معا ملے پر ناانصافی ہوئی۔

پی ٹی آئی کی خاتون رہنما کا پارٹی میں خواتین کا اہم کردار ہے لیکن انہیں جنرل نشستوں پر نظر انداز کیا گیا۔خاتون کا کہنا تھا کہ فواد چوہدری صاحب آپ مجھے نہیں جانتے، میں 2006ء سے پارٹی کے لیے کام کر رہی ہوں۔تحریک انصاف کی خاتون کارکن کا کہنا تھا کہ میں نے پی پی 186 سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے لیکن جگہ خالی ہونے کے باوجود ٹکٹ نہیں دیا گیا۔

(جاری ہے)

فواد چوہدری نے خاتون سے کہا کہ آپ کی بات ہو گئی، جس پر خاتون نے کہا کہ فواد صاحب، آپ متاثرین کے لیے آواز اٹھاتے ہیں، پارٹی متاثرین کے لیے بھی آواز اٹھائیں۔ترجمان تحریک انصاف نے فاطمہ نامی خاتون سے کہا کہ بالکل ٹھیک، آپ کی بات ہو گئی، جس پر تحریک انصاف کی خاتون رہنما نے کہا کہ فواد صاحب، آپ تو بات کرتے رہتے ہیں ہمیں کبھی کبھار بات کرنے کا موقع ملتا ہے۔

پی ٹی آئی کی خاتون رہنما نے کہا کہ عمران خان نے جس کو ٹکٹ دیا میرے لیے وہی عمران خان ہے لیکن خدا کے لیے ہمیں بھی تو انصاف دلائیں۔فاطمہ کا مزید کہنا تھا کہ بہت سی سینئر خواتین ہیں جنہوں نے پارٹی کے لیے کام کیا ہے انہیں انصاف ملنا چاہیے۔خیال رہے کہ گزشتہ روز تحریک انصاف خواتین ونگ کی رہنماں نے پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی رہائشگاہ کے باہر بھی مظاہرہ کیا تھا۔خواتین مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ انتخابی ٹکٹوں کی تقسیم کے معاملے میں ناانصافی کی گئی، جس پر شاہ محمود قریشی نے انہیں دو روز میں معاملے کو حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات