سید علی گیلانی کا شہید کشمیری نوجوانوںکو زبردست خراج عقیدت پیش

جموںو کشمیر امن و امان کا نہیں ،سیاسی اور انسانی مسئلہ ہے،مقبوضہ علاقے میں نہتے کشمیریوں کے قتل کے واقعات میں اضافہ فسطائی بھارتی حکمرانوں ،فوجی سربراہان کی دھمکیوں کو عملی جامہ پہنانے کا باضابطہ آغاز ہے، حریت رہنماء

پیر 25 جون 2018 20:45

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جون2018ء) مقبوضہ کشمیرمیںکل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سیدعلی گیلانی نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ جموںو کشمیر کوئی امن و امان کا مسئلہ نہیں بلکہ ایک سیاسی اور انسانی مسئلہ ہے اس کوفوجی طاقت کے ذریعے سے ماضی میں حل کیا جاسکا ہے اور نہ مستقبل میں اس پالیسی کا کوئی مثبت نتیجہ نکلے گا ۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سیدعلی گیلانی نے سرینگرمیں جاری ایک بیان میں کولگام کے علاقے چڈرمیں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونیوالے تین نوجوانوںکو شاندارخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکمران دراصل کشمیریوں کو ظلم و بربریت کے ذریعے اپنے ناقابل تنسیخ حق ، حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد سے سے دستبردار کرانا چاہتے ہیں اور اس منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کے لیے وہ جموںوکشمیر میں جاری غیر یقینی سیاسی صورتحال اور بے چینی کو بڑھاوا دینے کے علاوہ بڑے پیمانے پر نہتے کشمیریوں خاص طورپر کشمیری نوجوانوںکا قتل عام جاری رکھے ہوئے ہیں ۔

(جاری ہے)

سیدعلی گیلانی نے کہا کہ بھارت کے پالیسی ساز اور حکمران جموں وکشمیر میں ایک بار پھر 1990ء جیسی صورتحال پیدا کرکے کشمیریوں کے قتل عام کو دہرانا چاہتے ہیں۔انہوںنے بھارتی حکمرانون کو مشور ہ دیا کہ وہ اپنی روایتی ضد اور ہٹ دھرمی ترک کرکے کشمیر کے زمینی حقائق کو قبول کریں اور کشمیریوں کو انکا حق خودارادیت دیں جس کا وعدہ انہوںنے عالمی سطح پر کشمیریوں سے کر رکھا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی فورسز نے عام شہریوں کے قتل عام اور پیلٹ گن جیسے مہلک ہتھیاروں کا وحشیانہ استعمال کرکے مقبوضہ علاقے کا امن درہم برہم کردیا ہے ۔ سیدعلی گیلانی نے شہید نوجوانوں کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں مقبوضہ علاقے میں نہتے کشمیریوں کے قتل کے واقعات میں اضافہ بھارت کے فسطائی حکمرانوں اور فوجی سربراہان کی طرف سے آئے روزدھمکیوں کو عملی جامہ پہنانے کا باضابطہ آغاز ہے۔

انہوںنے حریت رہنمائوں میر واعظ عمر فاروق ، محمد یاسین ملک ، محمد اشرف صحرائی، غلام احمد گلزار اور محمد اشرف لایا کوگھروں اور تھانوں میں نظربند کرنے کی بھی مذمت کی ۔ انہوںنے کہاکہ بھارتی فوج کشمیریوں کا قتلِ عام کررہی ہے اور ریاستی انتظامیہ نے میتوں پر آنسو بہانے اور ماتم کرنے پر بھی پابندی عائد کررکھی ہے جو ریاستی دہشت گردی کی بدترین مثال ہے ۔