بھارت کشمیریوںکے جذبہ حریت کو توڑنے کیلئے ہر غیر جمہوری و غیر انسانی ہتھکنڈہ استعمال کررہا ہے، خان سوپوری

مسئلہ کشمیرکو مراعات کا مسئلہ سمجھنے کی بجائے انسانی اور سیاسی مسئلہ سمجھ کر اس کے حل کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں، حریت رہنماء

پیر 25 جون 2018 20:45

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جون2018ء) مقبوضہ کشمیر میں حریت رہنما غلام محمد خام سوپوری نے کہا ہے کہ ایک عظیم نصب العین کیلئے دی جانے والی قربانیاںقوم کی یکسوئی اور استقامت کا تقاضا کرتی ہیں تاکہ رواں تحریک مزاحمت کو کامیابی سے ہمکنار کیا جائے۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق غلام محمد خان سوپوری نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں ترال ، اسلام آبا اور کولگام میںشہید ہونے والے نوجوانوں کو شاندارخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے نوجوان حق خودارادیت کے حصول کے لیے اپنا گرم گرم لہو پیش کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قابض حکمران کشمیری قوم کے جذبہ حریت کو توڑنے کیلئے ہر غیر جمہوری اور غیر انسانی ہتھکنڈہ استعمال کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاہرروزانسانی خون سے ہولی کھیلی جارہی ہے اور نوجوانوں کا قتل عام کیاجارہا ہے جبکہ معصوم عوام کو ظلم و بربریت اور تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ ان تمام ہتھکنڈوںکو ناکام بنانے کیلئے استقامت کا مظاہرہ حالات کا ناگزیر تقاضا ہے۔

خان سوپوری نے کہا کہ تنازعہ کشمیر کے حل کے حوالے سے بھارتی حکومت کی ہٹ دھرمی اور تاخیری حربے خطے کے امن کو مسلسل خطرے میں ڈال رہے ہیں۔ حریت رہنما نے کہاکہ وقت آگیا ہے کہ مسئلہ کشمیر کو مراعات یا مفادات کا مسئلہ سمجھنے کے بجائے اس کو انسانی اور سیاسی مسئلہ سمجھ کر اس کے حل کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں۔