مقبوضہ کشمیر،کولگام میںشہید ہونیوالے نوجوانوں کو اشرف صحرائی کا خراج عقیدت

بھارتی فورسز نہ صرف کشمیریوں کی نسل کشی کررہی ہیں بلکہ املاک کو بھی تباہ کررہی ہیں، چیئرمین تحریک حریت جموں وکشمیر

پیر 25 جون 2018 20:45

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جون2018ء) مقبوضہ کشمیر میں تحریک حریت جموںوکشمیر کے چیئرمین محمد اشرف صحرائی نے ضلع کولگام کے علاقے قیموہ میں شہید ہونیوالے تین نوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے بہادر نوجوان بھارت کی دہائیوں پر محیط غلامی کو ختم کرنے کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کررہے ہیں۔

کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق محمد اشرف صحرائی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میںضلع اسلام آباد کے علاقے سرہامہ سے تعلق رکھنے والے نوجوان کو بھی خراج عقیدت پیش کیا ہے جو گزشتہ جمعہ کوبھارتی فوجیوں کی فائرنگ سے زخمی ہوا تھااور بعد میں ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جان بحق ہوگیا۔انہوںنے کہاکہ بھارتی فورسز نہ صرف کشمیریوں کی نسل کشی کررہی ہیں بلکہ ان کی املاک کو بھی تباہ کررہی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کشمیر بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ تنازعہ ہے ۔ انہوںنے بھارت پر زوردیا کہ وہ اس حقیقت کو تسلیم کرے اور تنازعے کو حل کرنے کے لیے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کرے۔ادھر مسلم کانفرنس کے چیئرمین شبیر احمد ڈار اور وائس چیئرمین منظورالحق بٹ نے ایک مشترکہ میں شہدائے کولگام کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے شہداء کے مشن کو اسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیاہے۔