خیبر پختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کو مزید موثر بنانے کیلئے موجودہ نگران حکومت ہرممکن تعاون کریگی ،اکبرجان مروت

پیر 25 جون 2018 20:51

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جون2018ء) خیبر پختونخوا کے نگران وزیر برائے صحت وبہبوآبادی اکبر جان مروت نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کو مزید موثر بنانے کیلئے موجودہ نگران حکومت ہرممکن تعاون کریگی تاکہ عوام کو حفظان صحت کے اصولوں کے عین مطابق اشیاء خوردونوش کی فراہمی یقینی بنائی جاسکے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے خیبر پختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کے دورے کے موقع پر کیا۔اس موقع پر نگران وزیر صحت نے مختلف شعبوں کا دورہ کیا۔خیبر پختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل ریاض محسود نے نگران وزیر کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ فوڈ اتھارٹی صوبے کے سات ڈویژن میں پوری مستعدی کے ساتھ کام کررہی ہے اور عوام کو حفظان صحت کے اصولوں کے عین مطابق اشیاء خوردونوش کی فراہمی یقینی بنارہی ہے اور اس سلسلے میں فوڈ اتھارٹی نے اب تک متعدد کارروائیاں کرتے ہوئے مختلف ہوٹلز،کھانے کے اشیاء بنانے والی فیکٹریاں اور جنرل سٹورز سیل کئے ہیں نگران وزیر صحت نے فوڈ اتھارٹی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوام کی صحت سے کھیلنے کی کسی کو اجازت نہیں دینگے۔

(جاری ہے)

عوام کو معیاری اشیاء کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہوتی ہے جس کے ہر حالت میں یقینی بنایا جائیگا۔نگران صوبائی وزیر نے خیبر پختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کو ہدایت کی کہ وہ پوری دل جمعی کے ساتھ اپنا کام جاری رکھیں اور فرائض کی انجام دہی میں جو بھی رکاوٹیں سامنے آرہی ہیں حکومت اسے دور کرے گی تاکہ عوام کو معیاری اشیاء خوردونوش کی فراہمی یقینی بنائی جاسکے۔نگران وزیر نے مزید بتایا کہ آ جکل معیاری اشیاء کی فراہمی سب سے بڑا مسئلہ ہے جس سے مختلف قسم کی بیماریاں جنم لے رہی ہیں اس ضمن میں فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کا قیام قابل ستائش ہے جو عوام کو حفظان صحت کے اصولوں کے عین مطابق اشیاء کی فراہمی یقینی بنارہی ہے۔

متعلقہ عنوان :