محب وطن اور مخلص قیادت کا برسراقتدار آنا وقت کی اہم ضرورت ہے، علامہ صادق جعفری

مجلس وحدت مسلمین کرپشن اور دہشت گردی سے پاک پاکستان کیلئے انتخابی میدان خالی نہیں چھوڑے گی

پیر جون 20:56

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 جون2018ء) محب وطن اور مخلص قیادت کا برسراقتدار آنا وقت کی اہم ضرورت ہے، مجلس وحدت مسلمین کرپشن اور دہشت گردی سے پاک پاکستان کیلئے انتخابی میدان خالی نہیں چھوڑے گی، کراچی کے مختلف حلقوں سے امیدوار انتخابی دنگل میں اتارے ہیں، قومی سطح پر ممکنہ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے معاملات حتمی مراحل میں ہے، جلد اعلان کیا جائے گا،وہ مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کے سیکریٹری جنرل علامہ محمد صادق جعفری نے وحدت ہاؤس کراچی میں ایم ڈبلیوایم کے نامزد اراکین قومی وصوبائی اسمبلی سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کررہے تھے۔

انہوں نے کہاکہ کرپشن،، اقرباء پروری، لوٹ ماراور دہشت گردی نے وطن عزیز کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے، سابقہ حکومت نے قومی اداروں کی سلامتی واستحکام کے خلاف سنگین اقدامات کیئے، بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خاتمے کا بوگس دعوے کرنے والے حکمرانوں نے عوام کو دھوکے سے سوا کچھ نہیں دیا، پانچ سال لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے نعرے پر حکومت کرنے والی ن لیگ اگلا الیکشن بھی اسی کھوکھلے نعرے کی بنیاد پر لڑنے کے خواب دیکھ رہی ہے، سندھ کے عوام پر گذشتہ دس برس سے حاکم جماعت نے عوام کو پینے کا صاف پانی،، صحت کی سہولیات اور اعلیٰ معیار تعلیم بھی فراہم نا کیا، آج پھر عوام کو پرانے وعدوں کے ذریعے بے وقوف بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مذید کہاکہ اس الیکشن میں پاکستان کے غیور وبیدار عوام کرپٹ اشرافیہ کو مسترد کرکے محب وطن امیداروں کو ووٹ دیں گے، پاکستان میں انقلابی تبدیلوں کے لئے باریاں بدلنے والی جماعتوں کا راستہ روکنا ہوگا، ایم ڈبلیوایم دیگر ہم خیال جماعتوں کے ساتھ انتخابی اتحاد کی خواہاں ہے، انشائاللہ جلد قومی سطح پر سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے معاملات حتمی شکل اختیار کرلیں گے اور اسکا اعلان جلد میڈیا کے توسط سے کردیا جائے گا۔#