Live Updates

گرمی کی وجہ سے الیکشن ڈے پر پولنگ کا وقت صبح 7 بجے سے رات 8 بجے کیا جائے تحریک انصاف کا مطالبہ

ایڈن ہائوسنگ سوسائٹی کے متاثرین کو فوری انصاف دیا جائے ،کرپشن میں ملوث محرکات کے خلاف فوری ایکشن لیا جائے ‘فواد چوہدری مریم نوازجوکہتی تھیں کہ میری لندن تو کیا پاکستان میں بھی کوئی پراپرٹی نہیں ہے ،اب اینٹ اٹھائوتو ان کی پراپرٹی نکل آتی ہے‘پریس کانفرنس

پیر 25 جون 2018 21:06

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جون2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات و این اے 67 کے امیدوار فواد چوہدر ی نے کہا کہ ایڈن ہاوسنگ سوسائٹی کے متاثرین میرے ساتھ موجود ہیں،تحریک انصاف چیف جسٹس آف پاکستان سے مطالبہ کرتی ہے ایڈن ہائوسنگ سوسائٹی کے متاثرین کو فوری انصاف دیا جائے اورایڈن سوسائٹی کی کرپشن میں ملوث محرکات کے خلاف فوری ایکشن لیا جائے ، ایڈن سوسائٹی میں افتخار چودھری اور ان کے بیٹے ، بیٹی اور سمدھی سوسائٹی کے سرغنہ ہیں ، رنگ روڈ کے اس کے پاس سے گزری اور ایڈن ہاوسنگ سوسائٹی کی قیمت بڑھ گئیں ،ایڈن ہاوئسنگ سوسائٹی کے متاثرین کی 6311 درخواستیں نیب کے پاس موجود ہیں مگر اب تک ان کے خلاف کوئی کاروائی نہیں ہوئی ہے اس لیے کہ اس کی وجہ سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری ہیں، اگر سابق چیف جسٹس اور اس کا خاندان کرپشن میں ملوث ہیں تو ان کو پکڑنا چاہیے،کون ہے جو افتخار چوہدری کو بچا رہا ہے،تحریک انصاف کا مطالبہ ہے کہ گرمی کی وجہ سے الیکشن ڈے پر پولنگ کا وقت صبح 7 بجے سے رات 8 بجے کیا جائے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کااظہار فواد چوہدری نے ڈاکٹر مراد راس کے ہمراہ ایڈن ہاوئسنگ سوسائیٹی کے متاثرین کے ساتھ چیئرمین سیکرٹریٹ گارڈن ٹائون میں پریس کانفرنس کے موقع پر کیا۔ انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف ایڈن ہاوسنگ سوسائٹی کے متاثرین کے ساتھ کھڑے ہیں ، سابق چیف جسٹس، بیٹے اور بیٹی کو فی الفور گرفتار کیا جائے ، موجودہ چیف جسٹس ثاقب نثار نے تو بیٹے اور داماد کو جھاڑ پلادی جس سے انکی توقیر میںاضافہ ہوا ہے توقع ہے کہ اس معاملے کا بھی نوٹس لیں گے، ان کی فی الفور گرفتاری ممکن بنائی جائے، جس طرح کی شاہانہ زندگی گزار رہے ان کی تحقیقات ہونی چاہیے۔

فواد چوہدری نے کہاکہ نواز شریف اور افتخار چوہدری دونوں ایک جیسے ہیں، انداز بھی ایک جیسے ہیں ، مریم نوازجوکہتی تھیں کہ میری لندن تو کیا پاکستان میں بھی کوئی پراپرٹی نہیں ہے ،اب اینٹ اٹھائوتو ان کی پراپرٹی نکل آتی ہے ،شریف فیملی کی سعودی عرب، دبئی، قطر اور دیگر ممالک میں بھی پراپرٹیز موجود ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ چیئرمین عمران خان سمیت پی ٹی آئی کے تمام رہنماء بیگم کلثوم نواز کی صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں اور ہم ان کا احترام کرتے ہیں ، شریف فیملی پہلے کہتی تھی کہ ہماری کوئی پراپرٹیز نہیں ہیں اوراب نکل آئیں تو ذرائع آمدن نہیں بتائے جا رہے، بے شرمی کی تصویر دیکھنی ہوتو اسحاق ڈار کی ویرل ہونے والی وڈیو کو دیکھیں،اسحاق ڈار 6 ہزار کروڑ کی کرپشن میںملوث ہیں، شاہد خاقان عباسی نے اپنے جہاز پر اسحاق ڈار کو بیرون ملک فرار کروایا ، یہ چھے ہزار ارب کی کرپشن کا معاملہ ہے، احتساب عدالت نے اب تک شاہد خاقان عباسی کو کیوں طلب نہیں کیا گیا ، پینل کوڈ کے قوانین کے تحت ان کو گرفتار کیا جانا چاہیئے ۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ نگران حکومت نے بیوروکریسی کے معاملے پر ہوم ورک نہیں کیا ، (ن) لیگ کے قریبی آفسروں کو دوبارہ ذمہ داریا ں سونپ دی گئی ہیں ، اس پر حسن عسکری کی حکومت کو نوٹس لینا چاہئے ،کمپنیز اسکینڈل میں شہباز شریف نے دوسو ارب روپے کا فراڈ کیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ جہلم میں ڈی پی او نواز شریف کے جلسے میں بیلٹ اتار کردینے والے کو لگا دیا گیاہے ،ڈی جی اینٹی کرپشن مظفر رانجھا کو ابھی تک نہیں ہٹایا گیا ، (ن) لیگ کے قریبی لوگوں کو ذوالفقار چیمہ اور رانا مقبول سے مشورے لے کر تقرریاں کی جارہی ہیں، تحریک انصاف نگران وزیراعلیٰ حسن عسکری سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ چیف سیکرٹری اور آئی جی کے فیصلوں کا دوبارہ جائزہ لیں ۔

انہوں نے کہاکہ اسی طرح سندھ کا بھی یہی حال ہے آصف علی زرداری کے بہنوئی عاصم کو سندھ میں افسر لگا دیا گیا ہے ، کے پی کے اور بلوچستان میں بھی مرضی کے افسر لگا دیے گئے ہیں ، ہر صوبے کے آئی جی اور چیف سیکرٹری ان تقرریوں پر خود نوٹس لے کر کاروائی کریں، تحریک انصاف الیکشن کمیشن سے پولنگ کا وقت صبح سات بجے سے لے کر رات آٹھ بجے تک کرنے کا مطالبہ کرتی ہے۔

فواد چوہدر ی کا کہنا تھاکہ ماسکو ورلڈکپ سے زیادہ توجہ تحریک انصاف کی ٹکٹوں پر ہے، ولید اقبال کا معاملہ یہ ہے کہ انہیںپارٹی نے این اے 124 سے الیکشن لڑنے کا کہا تھا انہوں نے وہاں الیکشن لڑنے سے انکار کیا، تین چوتھائی ٹکٹیں میرٹ پر پرانے کارکنوں کو دی گئی ہیں، شاہ محمود قریشی اور جہانگیر ترین کا اپنا اپنا موقف ہے پارٹی پالیٹکس ہوتی ہیں، مگر حتمی فیصلہ عمران خان کرتے ہیں، گجرات اور بھکر میں لوکل سطح پر سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہوئی ہیں ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات