کمشنر لاہور ڈویژن کی شہر میں الیکشن کمیشن کے وضع کردہ قوانین کی خلاف ورزی والے انتخابی سائن بورڈ اور بینرز اتارنے کی ہدایت

پیر 25 جون 2018 21:46

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جون2018ء) کمشنر لاہور ڈویژن ڈاکٹر محمد مجتبیٰ پراچہ نے شہر میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کے وضع کردہ قوانین کی خلاف ورزی والے انتخابی سائن بورڈ اور بینرز اتارنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام اضلاع میں مانیٹرنگ آفیسرز و ٹیمیں الیکشن کمیشن آف پاکستان کے جاری کردہ انتخابی ضابطہ اخلاق کی پابندی کرائیں۔

انہوں نے کہا کہ تمام اضلاع میں ضابطہ اخلاق کی پابندی کرانے کے لیے امیدواروں کو بھی مطلع کریں۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کو شفاف بنانے کے لیے ہر صورت قانون پر عملدرآمد کرایا جائے گا۔ کمشنر لاہور ڈویژن نے کہا کہ ڈویژنل سطح پر مانیٹرنگ آفیسرز کی تربیتی ورکشاپ کا بھی انعقاد کیا جائے گا تاکہ ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کے لیے وہ اپنی معلومات کو بہتر طور پر عملاً سرانجام دے سکیں۔

(جاری ہے)

کمشنر لاہور ڈویژن ڈاکٹر محمد مجتبیٰ پراچہ نے ان خیالات کا اظہار عام انتخابات کے حوالے سے لاہور ڈویژن کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ضلعی الیکشن کمشنر لاہور رحیم زادہ، آر پی او شیخوپورہ سہیل طارق، ایس ایس پی آپریشن لاہور عمارہ طارق، ڈی سی لاہور، ڈی سی شیخوپورہ، ڈی سی ننکانہ صاحب، ڈی سی قصور و دیگر افسران نے شرکت کی۔ضلعی الیکشن کمشنر لاہور نے آگاہ کیا کہ ضلع لاہور میں 3899 پولنگ اسٹیشنز ہیں جن کے لیے 14000 سے زائد پولنگ اسٹاف کی تربیت کی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہر ایک صوبائی حلقے میں دو مانیٹرنگ آفیسر تعینات ہوں گے جو ضابطہ اخلاق کی پابندی کے لیے کام کریں گے۔