نگران حکومت کی ذمہ داری ہے کہ غیر جانبدارہوکر الیکشن بروقت کروائے‘اعجاز چوہدری

جولائی کا دن ملک کی دولت لوٹنے والوں کا یوم حساب ہوگا، عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے کرپٹ حکمرانوں کا احتساب کرینگے

پیر جون 21:46

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 جون2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماو نامزد امیدوار این اے 133اعجاز احمد چوہدری نے کہا ہے کہ ملک کو لوٹنے اور برباد کرنے والے آج پھر عوام سے ووٹ مانگ رہے ہیں، دفاع کے بعد سب سے زیادہ تعلیم اور صحت پر خرچ کیا جائے گا، نگران حکومت کی ذمہ داری ہے کہ غیر جانبدارہوکر الیکشن بروقت کروائے، نگران حکومت کا ایجنڈا صرف اور صرف الیکشن ہی ہونا چاہیے ورنہ ان کے بارے میں خیال کیا جائے گا یہ کسی اور ایجنڈے کے لیے کام کررہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار تحریک انصاف کے نامزد امیدوار اعجاز احمد چوہدری اور پی پی 166کے نامزد ایم پی اے کے ہمراہ یوسی 224 پنڈی راجپوتہ مین بازار میں ڈور ٹو ڈور انتخابی مہم اور این اے 133پیپلز پارٹی کے رہنما چوہدری مختار کی ساتھیوں سمیت پی ٹی آئی میں شمولیت کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کر رہے تھے ، اس موقع پر متعدد برادریوں نے انہیں حمایت اور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ نگران حکومت سو فیصد غیر جانبدا رہوکر الیکشن کروائے گی۔ انہوں نے کہاکہ 25جولائی کا دن ملک کی دولت لوٹنے والوں کا یوم حساب ہوگا، عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے کرپٹ حکمرانوں کا احتساب کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ آج پورے ملک میں لوڈ شیڈنگ ہورہی ہے،عوام سابقہ حکومت سے پوچھنا چاہتے ہیں کہ جنہوں نے عوام کو سبز باغ دکھائے اور کہا تھا کہ ہم لوڈ شیڈنگ کا چھ ماہ میں خاتمہ کریں گے لیکن آج تک ملک سے لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ نہیں ہوسکا۔

انہوں نے مزید کہا کہ25 جولائی کا سورج تحریک انصاف کی کامیابی کی نوید لیکر طلوع ہوگا، تحریک انصاف کی بڑھتی مقبولیت سے مخالفین کی نیندیں حرام ہوچکی ہیں ،عوام اب بلند وبانگ دعوے کرنے والوں کے جھانسے میں نہیں آئیں گے ہم نے ہمیشہ عوامی خدمت کی سیاست کی ہے تھانے کچہری کی سیاست ہمارا شیوہ نہیں ہے منتخب ہوکر علاقہ میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھادیں گے اور عوامی توقعات پر پورا اتریں گے۔