عام انتخابات کیلئے ضابطہ اخلاق پر سختی سے عملد درآمد کو یقینی بنایا جائیگا، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو

پیر 25 جون 2018 21:46

سرگودھا۔25 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جون2018ء) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیوطارق خان نیازی نے کہا ہے کہ 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق پر سختی سے عملد درآمد کو یقینی بنایا جائیگا ، ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی صورت میںامیدواروں کو نااہلی کا بھی سامنا کرنا پڑسکتا ہے ، انہوں نے یہ بات عام انتخابات کے انعقاد کے سلسلہ میں الیکشن کمیشن کی ہدایات پر عمل درآمد کے حوالہ سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی، اجلاس میں ڈسڑکٹ الیکشن کمشنر اور اے ڈی سی جی ملک آصف اقبال کے علاوہ دیگر مانیٹرنگ افسران نے شرکت کی، اجلاس کو بتایا گیا کہ قومی اسمبلی کیلئے 30 لاکھ اور صوبائی اسمبلی کیلئے اخراجات کی حد 20 لاکھ روپے مقرر کر دی گئی ہے ، اسی طرح بغیر اجازت جلسے ‘جلوس اور ریلیاں نکالنے پر پابندی ہوگی ، وال چاکنگ کسی صورت برداشت نہیں کی جائیگی ، تمام مانیٹرنگ ٹیمیں اپنے اپنے حلقے میںالیکشن کمیشن کی طرف سے جاری کر دہ ضابطہ اخلاق پر پابندی کرنے او رخلاف ورزی کی صورت میں ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر برائے جنرل الیکشن 2018 کو رپورٹ کرنے کے پابند ہوںگے ، اس سلسلے میں مانیٹرنگ کو اپنے اپنے حلقوں میں ضابطہ اخلاق پر پابندی کے بارے میں مثبت یا منفی رپورٹس دینے کی ہدایات کر دی گئی ہیں اسی طرح کسی بھی امیدوار کو مقررہ پیمائش سے زائد ہورڈنگ بورڈ آویزاںکرنے کی بھی اجازت نہیں ہو گی ، اسی طرح ڈویلپمنٹ سکیموں پر کام کے علاوہ امیدواروں کی طرف سے اپنے علاقوںمیں کسی قسم کی امدادی سامان ‘راشن اور دیگر اخراجات کی اجازت نہیں ہو گی بلکہ اسے سیاسی رشوت تصور کیا جائیگا جو ووٹ خریدنے کے زمرے میں آتا ہے لیکن یکم اپریل سے پہلے ترقیاتی سکیموں کیلئے جاری فنڈز اس پابندی سے مستثنیٰ ہوںگے ، اس کے علاوہ تمام محکموں کے ترقیاتی فنڈز منجمدکر دیئے گئے ہیں ، اجلاس کو بتایا گیا کہ مانیٹرنگ ٹیموں کو روزانہ کی بنیاد پر اپنے اپنے حلقوں کی سیاسی سرگرمیوں اور ضابطہ اخلاق کی پابندی اور خلاف ورزی کے بارے میں مفصل رپورٹ دینا ہوں گی ، ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر فارم ایم ٹو کے تحت حلقہ وائز ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا ریکارڈ رکھے گا اور اس کی حلقہ وار رپورٹ زیر سب رول 3-171 اور سیکشن 234 کے سب سیکشن 3اور4 کے تحت رپورٹ پر کارروائی کرنے کے پابند ہوںگے ، ڈی ایم او کسی بھی ا تھارٹی کو ضابطہ اخلاق کی پابندی اور اس پر عمل درآمد کے بارے میں ہدایات جاری کر سکیںگے تاکہ اس پر پوری طرح عمل درآمدکیا جاسکے ، ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی صورت میں پچاس ہزار روپے تک جرمانہ کیا جائیگا ، سرگودہا شہر میں محکمہ داخلہ پنجاب کی طرف سے بڑے جلسوں کے انعقاد کیلئے کمپنی باغ اور میلہ منڈی گراؤنڈ کے مقامات مختص کئے گئے ہیں، اے ڈی سی جی کو الیکشن کے معاملات کے حوالے سے فوکل پرسن مقرر کیا گیا ہے ، الیکشن مہم الیکشن کے روزسے 48گھنٹے پہلے ختم کرنا ضروری ہو گی ، مانیٹرنگ ٹیموں کو اپنے اپنے حلقوں کی رپورٹنگ کیلئے وٹس اپ گروپ سے منسلک کر دیا گیا ہے، اجلاس میں سی ای او ایجوکیشن کو پولنگ اسٹیشن کے تعلیمی اداروں کی درستگی کے علاوہ پولنگ اسٹیشنز کی سیکورٹی ‘ بجلی کی فراہمی ‘ سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کو یقینی بنانے کی ہدایات کر دی گئی ہیں اسی طرح الیکشن میںڈیوٹی دینے والے سٹاف کو عمرہ کی ادائیگی یا کسی اور مقصد کیلئے چھٹی الیکشن کمیشن سے لینا کا پابند کر دیا گیاہے ۔