علیگڑھ مسلم یونیورسٹی اولڈ بوائز ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام معروف مزاح نگار مشتاق احمد یوسفی کی یاد میں تعزیتی ریفرنس

پیر 25 جون 2018 21:51

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جون2018ء) علیگڑھ مسلم یونیورسٹی اولڈ بوائز ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام بین الاقوامی شہرت یافتہ معروف مزاح نگار مشتاق احمد یوسفی کی یاد میں ایک تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں ادیبوں، اسکالرز اور مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علیگڑھ مسلم یونیورسٹی اولڈ بوائز ایسوسی ایشن کے صدر اور سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے چانسلر جاوید انوار نے کہا کہ مشتاق احمد یوسفی ایک منفرد اسلوب کے مالک تھے اور ان کی شگفتہ تحریریں ہر خاص و عام کے چہرے پر مسکراہٹ بکھیر دیتی تھیں، زبان و ادب کے لئے ان کی خدمات انمول ہیں، ان کی رحلت سے اردو مزاح نگاری کا ایک عظیم اور خوبصورت عہد تمام ہوا، تاہم وہ اپنی شگفتہ اور برجستہ تحریروں کے حوالے سے ہمارے ذہنوں اور دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے، ان کی کتابوں کے تراجم دیگر زبانوں میں بھی بہت مشہور مقبول ہوئے، وہ ایک ممتاز بینکر بھی تھے۔

(جاری ہے)

ہمدرد یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر حکیم عبدالحنان نے کہا کہ مشتاق احمد یوسفی نے مزاح نگاری میں ایک بلند مقام حاصل کیا اور طنز و مزاح میں انہوں نے جو معیار قائم کیا اس تک پہنچنا بہت مشکل ہے۔ اموبا کے جنرل سیکریٹری محمد ارشد خان نے اختتامی کلمات میں کہا کہ مشتاق احمد یوسفی ایک بہت بڑی شخصیت تھے جو ہم سے جدا ہو گئی۔ اس موقع پر معروف شاعر جمال نقوی نے مشتاق احمد یوسفی کے لئے منظوم خراج عقیدت بھی پیش کیا۔

متعلقہ عنوان :