ایم ایم اے کے این اے 247 کے نامزد امیدوار محمد حسین محنتی نے حلقہ میں انتخابی مہم کا ٓآغاز کردیا

میرا ماضی عوام کے سامنے ہے، عوام کے فیصلہ سے پرامید ہوں۔ محمد حسین محتنی

پیر 25 جون 2018 21:51

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جون2018ء) متحدہ مجلس عمل (ایم ایم ای) کراچی کے قومی اسمبلی حلقہ این اے 247 کے نامزد امیدوار محمد حسین محنتی نے گزشتہ روز حلقہ میں انتخابی مہم کا آغاز کردیا۔ اس حوالے محمد حسین محنتی نے ڈیفنس فیز 4 میں الیکشن آفس کا افتتاح کرنے کے علاوہ نثار شہید پارک ڈیفنس میں عوام سے ملاقات کی اور لوگوں کو ایم ایم اے کے منشور سے آگاہ کیا۔

مسلم جیم خانہ کلب کے ممبران سے خطاب اور شیریں جناح کالونی میں عمائدین علاقہ کی جانب سے ان کے اعزاز میں دیئے جانے والے عشائیہ میں شرکت کی۔ پیر کو صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے محمد حسین محنتی نے کہا کہ انہوں نے عام انتخابات کے لئے گذشتہ روز سے اپنے حقلہ میں انتخابی مہم کا آغاز کردیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گذشتہ روز بہت مصروف دن گزارا اور عوام کی جانب سے جو ردعمل دیکھنے میں آٰیا وہ نہ صرف اطمینان بخش ہے بلکہ اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام 25 جولائی کو کتاب پر مہر لگاکر کراچی کی نمائندگی دیانت دار اور کرپشن سے پاک نمائندوں کے ہاتھوں میں سونپیں گے۔

مسلم جیم خانہ کلب کے ممبران سے اپنے خطاب میں محمد حسین محنتی نے کہا کہ میرا ماضی آپ لوگوں کے سامنے ہے اور کونسلر سے لے کر ممبر قومی اسمبلی تک حلقہ کے عوام کی خدمت کی ہے اور مجھے یقین ہے کہ 25 جولائی کو لوگ ووٹ ڈالتے ہوئے امیدواران کے ماضی اور حال کا تقابل کرتے ہوئے فیصلہ کریں گے۔ اس موقع پر پی ایس 110 کے نامزد امیدوار عبدالقادر نورانی اور پی ایس 111 کے نامزد امیدوار سفیان دلاور بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔