متحدہ مجلس عمل نے حلقہ این اے 52، 53 اور 54 کیلئے امیدوارں کا اعلان کر دیا

پیر 25 جون 2018 21:56

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جون2018ء) متحدہ مجلس عمل اسلام آباد نے اسلام آباد کے حلقوں این اے 52، 53، 54 کیلئے اپنے امیدوارں کا اعلان کر دیا ہے جس کے مطابق حلقہ این اے 53، 54 سے جماعت اسلامی کے مر کزی نائب امیر میاں محمد اسلم جبکہ حلقہ این اے 52 سے جمعیت علماء اسلام کے راجہ بلال فیصل امیدوار ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار متحدہ مجلس عمل کے رہنمائوں میاں محمد اسلم، قاری سہیل عباسی، متحدہ مجلس عمل کے سیکرٹری جنرل محمدکاشف چوہدری، حافظ مقصود، احمد مفتی عامر شہزاداور محمد علی کاظمی، امیر جماعت اسلامی اسلام آباد نصراللہ رندھاوا نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

میاں محمد اسلم نے کہا متحدہ مجلس عمل اسلام آباد کے قائدین مبارکباد کے مستحق ہیں جنہوں نے انتہائی خوش اسلوبی اور اتفاق رائے سے اپنے امیدوار کا اعلان کیا ہے جبکہ دیگر جماعتیں اپنے اختلافات پر قابو نہیں پا سکی ہیں اور ان میں پھوٹ پڑ گئی ہے جبکہ اسکے مدمقابل متحدہ مجلس عمل میں پانچ مذہبی جماعتوں کا اتحاد ہے ان پانچوں دینی جماعتوں نے مل کر اپنے نمائندوں کا چناؤ کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا ہم منتخب ہو کر ایک بار پھر اسلام آباد میں تعمیر و تر قی کے نئے سفر کا آغاز کر یں گے اور اہل اسلام آباد کی خد مت کیلئے ہمیشہ کو شاں رہیں گے۔ میاں محمد اسلم نے ترکی میں طیب اردگا ن کی کامیابی مسلم اُمہ کی کامیابی قرار دیتے ہو ئے کہا کہ امریکہ، یورپ اور سیکولر دنیا ان کے خلاف تھی لیکن وہ ڈٹے رہے اور کامیاب ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ مجلس عمل کی بحالی کا آغاز کنونشن سنٹر میں ورکر کنونشن کے ذریعے کیا۔ پشاور میں گزشتہ روز کا متحدہ مجلس عمل کا جلسہ سب سے بڑا سیاسی جلسہ تھا جس کے مدمقابل کوئی دوسری سیاسی جماعت اتنا بڑا جلسہ نہیں کر سکی۔ متحدہ مجلس عمل اسلامی تہذیب و تمدن کا شعار ہے۔