پنجاب حکومت نے باب پاکستان کی تعمیر دو برس میں مکمل کرنے کی یقین دہانی کرا دی

پیر 25 جون 2018 21:57

لاہور۔25 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جون2018ء) لاہور ہائیکورٹ کے رو بروپنجاب حکومت نے باب پاکستان کی تعمیر کو دو برس میں مکمل کرنے کی یقین دہانی کرا دی جس پر عدالت عالیہ کے دو رکنی بنچ نے پنجاب حکومت کی یقین دہانی پر منصوبے کی جلد تعمیر کیلئے اپیل نمٹا دی۔

(جاری ہے)

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس امین الدین کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید کی اپیل پر سماعت کی جس میں 28 برس گزرنے کے باوجود منصوبہ کی تکمیل نہ ہونے کی نشاندہی کی گئی. اپیل کنندہ کے وکیل شیزار ذکا ء نے موقف اختیار کیا تھا کہ باب پاکستان کی تعمیر شروع ہوئے 28 سال ہو گئے لیکن منصوبہ مکمل نہ ہوسکا جبکہ باب پاکستان کی تعمیر اور منصوبے کے ڈیزائن میں تبدیلی سے قومی خزانے کو نقصان پہنچایا گیالہذا عدالت پنجاب حکومت کو باب پاکستان منصوبے کو جلد مکمل کرنے کا پابند بنایا جائے۔